کارپوریٹ چیلنج کپ ،ڈیسکون، نووا میڈ، سی جی اے اور آئی بیکس ڈیجیٹل کی سیمی فائنل مرحلے تک رسائی

لاہور( سپورٹس لنک رپورٹ)ڈیسکون، نووا میڈ، سی جی اے اور آئی بیکس ڈیجیٹل نے کارپوریٹ چیلنج کپ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔ تفصیلات کے مطابق کارپوریٹ سیکٹر کی آٹھ ٹیموں پر مشتمل کارپوریٹ چیلنج کپ کے آخری تین رائونڈ میچز کا انعقاد کیا گیا۔ دن کے آغاز میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام کھلاڑیوں نے کشمیریوں کیلئے خصوصی دعا کی۔ ماڈل ٹائون نواب کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈیسکون نے سٹوورٹ کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ سٹورٹ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔

علی حسین نے 70 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ رمیض یونس نے کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ڈیسکون کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا ۔ رانا طاہر 37 رنز بناکر نمایاں رہے ۔فاتح ٹیم کے رمیض یونس شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ نواب کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ڈیسکون نے سی جی اے کو 24 رنز سے شکست دی۔ ڈیسکون نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے۔ رمیض یونس نے 65 اور اویس مغل نے 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ شرف الدین نے کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

جواب میں سی جی اے کی ٹیم 148 رنز بنا سکی۔ شہریار خالد نے 62 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فہیم مختار بٹ نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔ اویس مغل کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ عامر کیبل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے واحد میچ میں ڈی پی ایس نے آئی بیکس ڈیجیٹل کو 75 رنز کے واضح مارجن سے شکست دی۔ ڈی پی ایس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ محمد صدیق نے 53 رنز کی اننگز کھیلی ۔ جواب میں آئی بیکس ڈیجیٹل کی ٹیم 88 رنز بناسکی۔ فاتح ٹیم کے احمد رضا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ محمد صدیق کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ کارپوریٹ چیلنج کپ میں پہلا سیمی فائنل نووا میڈ اور آئی بیکس ڈیجیٹل جبکہ دوسرا سیمی فائنل ڈیسکون اور سی جی اے کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

تعارف: newseditor