نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے کم عمر ترین بائولر

راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ بنگلا دیش کے خلاف ہیٹ ٹرک کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین فاسٹ بولر بن گئے۔نسیم شاہ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نسیم شاہ نے پہلے نجم الحسن شنٹو اور پھر تیج الاسلام کو ایل بی ڈبلیو کیا، پھر اگلی ہی گیند پر بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز محمود اللہ کو سلپ میں کیچ آؤٹ کرا کر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔نسیم شاہ نے پہلے اکتالیسویں اوور کی چوتھی گیند پر بنگلا دیش کے سیٹ بلے باز نجم الحسن شنٹو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا

اگلی گیند پر انہوں نے زبردست یارکر مار کر تیج الاسلام کو بھی پویلین کی راہ دکھائی اور پھر اوور کی پانچویں گیند پر محمود اللہ کو پہلی ہی گیند پر آؤٹ کر دیا۔نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹ کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر بن گئے ہیں، ہیٹ ٹرک کے وقت ان کی عمر 16 برس 359 دن ہے۔

اس سے قبل ٹیسٹ کرکٹ میں کم عمر ترین ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ بنگلا دیش کے الوک کپالی کے پاس تھا جن کی عمر ہیٹ ٹرک کے وقت 19 برس اور 240 روز تھی۔پاکستان کی جانب سے آخری بار محمد سمیع نے 2001 میں سری لنکا کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہیٹ ٹرک کی تھی جب کہ عبد الرزاق نے 20 سال کی عمر میں 2000 میں ہیٹ ٹرک کی تھی۔

تعارف: newseditor