کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ڈی ایس پی سینٹرل ٹریفک اعظم بلوچ نے خیر پور میں منعقدہ گرلز انٹر ڈویثرنل ٹگ آف وار چمپئن شپ کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں شانداراستقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں جملہ ٹیم کے ممبران نے شرکت کی جن کا تعارف میزبان اعظم بلوچ سے کرایا گیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کھلاڑیوں کو چمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ تمام کھلاڑی جس جوش وجذبہ کے ساتھ محنت کررہی ہیں انشاء اﷲآپکی یہ محنت رنگ لائے گی اور آپ پاکستان کا نام روشن کریں گی۔
میرا تعاون دام درم سخن آپ سب کے ساتھ ہے ۔چیف پیٹرن گلفراز احمد خان نے کہا کہ اس شہر میں اعظم بلو چ جیسے لوگ موجود ہیں جو کھلاڑیوں ک حوصلہ افزائی کرتے ہیں جس سے کھلاڑیوں کے شوق میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ دل لگا کر محنت کرتے ہیں۔ ہماری ایسوسی ایشن ڈی ایس پی سینٹرل(ٹریفک ) کی تہہ دل سے مشکور ہے ٹگ آف وار کی گرلز کھلاڑیوں کیلئے اتنی پرتکلف استقبالیہ کا اہتمام کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ دوران تقریب سیکریٹری جاوید اقبال نے اپنی ایسوسی ایشن کی سالانہ کارکردگی بھی میزبان اعظم بلوچ کو بتائی۔
کیپٹن جویریہ نے ڈی ایس پی سینٹرل(ٹریفک) اعظم بلوچ کی جانب سے گرلز ٹیم کے اعزاز میں دئے گئی شاندار تقریب پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کی حوصلہ افزائی نے ہمیں مزید محنت کا درس دیا ہے ۔ اس موقع پر ٹیم منیجر فہمیدہ ضمیر ، کوچ محمد ندیم، عظمت پاشا، نصرت حسین اور طلعت ادریس بھی موجود تھے۔