کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت اور رائزنگ اسٹار سی سی کے زیر اہتمام منعقدہ آل کراچی پروفیسر اعجاز فاروقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں مزید تین میچوں کے فیصلے ہوگئے۔ ناظم آباد جیم خانہ’بی‘، ایئرپورٹ جیم خان اور لائنز ایریا جیم خانہ نے بالترتیب لاروش سی سی، نذیر حسین جیم خانہ اورپاک فرمان کو شکست کا سامنا۔ محمد پرویز کی نصف سنچری اور تیمور مصطفی کی 5وکٹیں۔ٹی ایم سی گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں ناظم آباد جیم خانہ ’بی‘ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمام وکٹوں کے نقصان پر 259رنز 42اوورز میں اسکور کئے۔
محمد پرویز نے 66رنز کی اننگز کھیلی۔ اعجاز سواتی نے 39رنز بنائے۔ تنویر مصطفی نے 46رنز دے کر 5اور محمد خالد نے44رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لاروش سی سی کی جوابی اننگز 182رنز پر تمام ہوگئی۔ فرقان 83رنز اور حیدر عباس 39رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ عبدالرؤف نے 51رنز دے کر3اور کاشف خان کو 23رنز پر 2وکٹ ملے۔ایمپائرنگ کے فرائض محمد اصغر اور جنید افضل نے انجام دئے جبکہ محمد احسن اسکورر تھے۔
کے سی سی اے گراؤنڈ پر نذیر حسین جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 36اوورز میں 132رنز پر پویلین لوٹ گئی۔عنایت 41رنز اور عبدالرشیدنے 20رنز بنائے ۔خالد النبی نے تباہ کن بولنگ کی اور محض 8رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عادل اعجاز نے 27رنز پر 2کھلاڑی آؤٹ کئے۔ایئرپورٹ جیم خانہ نے مطلوبہ ہدف باآسانی 13.1اوورز میں ایک وکٹ پر 133رنز بنا کر فتح کو یقینی بنالیا۔حریرشاہد 45رنز اور محمد طحہ42رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
حریف ٹیم کی واحد وکٹ عبدالرحمن کوملی۔ایمپائرنگ کے فرائض عقیل عادل اور شاہد اسلم نے انجام دئے۔ سید افرسیاب آفیشل اسکورر تھے۔ٹی ایم سی گراؤنڈ پر پاک فرمان نے پہلے اننگزکا آغاز کیااور20.5اوورز میں 43رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یاسین بدر اور عبدالکریم 12,12رنز بنائے۔ نہال رشید اور ابرار احمد نے 3,3وکٹیں اپنے نام کیں۔
لائنز ایریا نے 6وکٹوں پر مطلوبہ ہدف 44رنز بنا کر حاصل کرلیا۔ ارسلان خان 26اورامان اﷲنے21رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔اکرام اﷲاورشیخ معین نے 2,2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ایمپائرز کے فرائض ضیاء عباس اور اختر قریشی جبکہ آفیشل محمد احسن تھے۔