لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)۔سپورٹس بورڈ پنجاب اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے باہمی تعاون سے جاری کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے سیمی فائنلز جیت کر پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئی ہیں، فائنل آج 16فروری بروز اتوارکوشام 7بجے پنجاب سٹیڈیم میں ہوگا،کبڈی ورلڈ کپ 2020کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو42-32 سیہرادیا جبکہ پاکستان نے ایران کو52-30سے شکست دی،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے سیمی فائنلز پنجاب سٹیڈیم میںکھیلے گئے
دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور ایران کے درمیان کھیلا گیا۔ایران نے ٹاس جیت کر پہلا ریڈ کیااور پوائنٹ حاصل کرلیا، پاکستان کی ٹیم نے شروع سے ہی برتری حاصل کرلی، ایران کے کھلاڑیوں نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا پہلے ہاف میں پوائنٹس29-17رہے، دوسرے ہاف میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں وقاص بٹ، سجاد گجر، محمد عرفان مانا جٹ، مشرف جنجوعہ نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی، پاکستانی جاپھیوں نے ایران کھلاڑیوں کو روک کر پوائنٹس حاصل کئے اور دوسرا سیمی فائنل 52-30سے جیت لیا۔ایران کے کھلاڑیوں نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کا مقابلہ کیا۔
پہلا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا جس میں بھارت نے ٹاس جیت کر ریڈ کرنے کا فیصلہ کیا،بھارتی کھلاڑی روی گجر نے پہلا ریڈ کیا اور پوائنٹ لیا، میچ کے آغاز میں ہی بھارتی کھلاڑی آسٹریلوی کھلاڑیوں پر چھائے رہے ، بھارت وقفے وقفے سے اپنے پوائنٹس میں اضافہ کرتا رہا اور پہلے ہاف میں ہی آسٹریلیا کیخلاف واضح برتری حاصل کرلی
پہلے ہاف کے پوائنٹس 28-14رہے، دوسرے ہاف میں بھی بھارت نے اپنی برتری برقرار رکھی، بھارتی ریڈرز اور جاپھیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو آسٹریلیا کیخلاف 42-32 سیفتح دلادی۔کبڈی فیڈریشن پاکستان کے صدر چودھری شافع حسین نے بھارت کے بہترین ریڈر کا انعام روی گجر اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بہترین جاپھی کا انعام امرجیت سولی چیمہ کو دیا
ایران کے ڈاکٹر عباس نے کبڈی فیڈریشن پاکستان کے صدر چودھری شافع حسین، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ ،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان اور کبڈی فیڈریشن پاکستان کے سیکرٹری رانا محمد سرور کو خصوصی تحائف دیئے۔