ناردرن نے ایم سی سی کو 9 رنز سے شکست دے دی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹی ٹونٹی چیمپئن ناردرن نے ایم سی سی کو 9 رنز سے شکست دے دی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی میچ پیر کو ایچیسن کالج میں کھیلا گیا۔ ناردرن نے اوپنر علی عمران کے 64 رنز کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ایم سی سی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بناسکی۔

تفصیلات کے مطابق ایم سی سی کے کپتان سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر علی عمران اور ذیشان ملک نے ناردرن کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ مستحکم اوپننگ شراکت کے باعث ناردرن کے دیگر بلے بازوں کو رنز بنانے میں زیادہ دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑا اور حریف ٹیم کو مقررہ بیس اوورز میں 153 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہے۔ علی عمران نے 43 گیندوں پر 8 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ سرمد بھٹی 25 رنز بناکر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ایم سی سی کی جانب سے روی بوپارہ نے 3 جبکہ رولوف اور عمران قیوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم نے ہدف کے تعاقب کی بھرپور کوشش کی تاہم بلے بازوں کی جانب سے طویل شراکت نہ لگنے کے باعث وہ میچ میں کامیابی حاصل نہ کرسکی۔ ایم سی سی کی ٹیم مقررہ اوورز میں مطلوبہ ہدف سے 9 رنز کم اسکور کر پائی۔ سمت پٹیل کی جانب سے 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی ایم سی سی کو فتح دلانے میں ناکام رہی۔ ایم سی سی کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز ہی بناسکی۔ ناردرن کی جانب سے منیر ریاض اور مبصر خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ایم سی سی کرکٹ ٹیم 19فروری کو ملتان سلطانز کے خلاف ایچیسن کالج لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔


شیڈول:
19 فروری : ایم سی سی بمقابلہ ملتان سلطانز بمقام ایچیسن کالج لاہور بوقت دوپہر 30:12 تا سہ پہر40:3 بجے (بیس اوورز پر مشتمل میچ)

تعارف: newseditor