کراچی( سپورٹس رپورٹر) لیثرلیگز اور کرن فاؤنڈیشن کے اشتراک سے لیاری میں جاری 8ٹیموں پر مشتمل لیثرلیگزانڈر19انٹر اسکو ل فٹبال ٹورنامنٹ کے 5راؤنڈ ز مکمل ہوگئے۔ بلیسنگ اسٹار 8پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ نوبل اکیڈمی 7پوائنٹس، آغا خان اسکول کھارادر 6پوائنٹس بناکر تیسری، کرن اسکول، آسا جلال اسکول اور سارہ میموریل گرامراسکول5,5پوائنٹس کے ساتھ 4ویں تا6ویں ، ڈی سی ٹی او کیمپس 4پوائنٹس کے ہمراہ 7ویں پوزیشن پر ہیں۔
فیوچر گرامراسکول ہنوز اپنا کھاتہ نہیں کھول سکی ہے۔ہفتہ وار ہونے والی لیگز میںہر ٹیم ڈبل لیگ کی بنیاد پر 14,14میچز کھیلے گی۔ پانچویں راؤنڈ کے پہلے میچ میں نوبل اکیڈمی اسکول نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جواد کے واحد اور فیصلہ کن گول کی بدولت آسا جلال اسکول کو 0-1سے مات دے دی۔ جواد میچ کے بہترین کھلاڑی رہے۔
دوسرے میچ میں کرن اسکول اور سارہ میموریل کا مقابلہ 0-0سے برابر رہا۔ کرن اسکول کے حماد مین آف دی میچ قرار پائے۔ بلیسنگ اسٹار نے فیوچر گرامر اسکول کیخلاف واک اوور کے زریعہ کامیابی حاصل کی۔ چوتھے اور آخری میچ میں ڈی سی ٹی او کیمپس اور آغا خان اسکول کھارادر کامقابلہ مقررہ وقت میں 0-0کی برابری پر ختم ہوا۔ ڈی سی ٹی او کے شہزاد مردمیدان قرار پائے۔ ریفری اورنگ زیب اور عبدالرشد بلوچ تھے۔