پاکستان سپر لیگ فائیو کی جگمگاتی افتتاحی تقریب جاری

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن فائیو کی افتتاحی تقریب کا رنگا رنگ آغاز ہوگیا ہے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب جاری ہے جہاں اسٹینڈز تماشائیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔اسٹیڈیم میں تمام ٹیموں کے کھلاڑی، اسٹاف اور منتظمین بھی موجود ہیں۔تقریب کا باقاعدہ آغاز پاکستان کے قومی ترانے کے ساتھ ہوا جبکہ اس سے قبل ایونٹ کے لیے سیکیورٹی انتظامات کرنے پر ملک کے سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

افتتاحی تقریب میں کرکٹ ایکشن سے موسیقی کا تڑکا بھی لگے گا، راحت فتح علی خان، عارف لوہار، سجاد علی، ابرارالحق سمیت آئمہ بیگ بھی اپنی گائیکی سے حاضرین کا لہو گرمائیں گی۔تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔تقریب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پچھلے سال کہا تھا کہ ہم کراچی میں پی ایس ایل کروائیں گے، آج یہاں افتتاحی تقریب کر رہے ہیں، جس کے لیے کراچی والوں کو مبارک ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 2017 میں پی سی بی سے یہ درخواست کی تھی کہ ایک میچ کراچی میں کروائیں، تاہم آج اس کا سہرا کراچی والوں کو جاتا ہے، 2018 کے پی ایس ایل کا فائنل اور اب پورا ایونٹ پاکستان میں ہورہا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں نے پی سی بی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی سے یہ درخواست کی تھی کہ شہر میں میچز کروائے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ جب مشرقی سرحد پر تناؤ بڑھا تھا تو ہم نے تمام میچز کراچی میں منعقد کروائے تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ایس ایل کے اس پانچویں ایڈیشن کو کامیاب بنائیں گے۔آخر میں وزیر اعلیٰ سندھ نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی بلند کروایا۔چیئرمین پی سی بی نے خطاب کرتے ہوئے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں اسٹاف اور دیگر ٹیکنیشن کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پچھلے سال جو وعدہ کیا تھا کہ اگلے سال پی ایس ایل پاکستان میں ہوگا وہ وعدہ پورا کرلیا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ اگلے سال پی ایس ایل کے میچز پشاور کے اسٹیڈیم میں بھی کروائے جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی کامیابی کی مبارکباد کے حقدار کرکٹ کے شائقین ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اگر حکومتِ سندھ اور حکومتِ پنجاب کی سپورٹ نہیں ہوتی تو پاکستان میں پی ایس ایل کا انعقاد مشکل ہوجاتا۔انہوں نے سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے پر پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔احسان مانی نے تمام ٹیموں کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ جو ٹیم بہتر کھیل پیش کرے گی وہی یہ ٹورنامنٹ جیتے گی۔

error: Content is protected !!