کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے دی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ جواب میں پشاور کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 191 رنز بناسکی۔
کراچی کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن شرجیل خان تیسرے اوور میں حسن علی کو تیسرا چھکا لگانے کی کوشش میں شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 19 رنز بنائے۔دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیمرون ڈیلپورٹ تھے جو 20 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ تیسری وکٹ کی شراکت میں بابر اعظم اور عماد وسیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور 97 رنز جوڑ کر بڑے ہدف کی بنیاد رکھی۔
دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم 170 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 78 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان عماد وسیم بھی 50 رنز بناکر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے 2 اور محمد محسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹام بانٹن اور کامران اکمل نے کیا تاہم بانٹن 13 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد حیدر علی اور شعیب ملک بھی 4 اور 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ 81 کے مجموعی اسکور پر جارحانہ بیٹنگ کرنے والے کامران اکمل 26 گیندوں پر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور کراچی کنگز میچ میں واپس آگئی۔کامران کے بعد لیام لیونگ اسٹون نے چارج سنبھالا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم دوسرے اینڈ پر لیام ڈاؤسن 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان ڈیرن سیمی نے لیونگ اسٹون کے ساتھ مل کر پارٹنر شپ قائم کی تاہم وہ ٹیم کو جتوا نہ سکے اور 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
پشاور کو 3 گیندوں پر 14 رنز درکار تھے لیکن وہ صرف 3 رنز ہی بناسکے اور میچ کراچی کنگز نے جیت لیا۔لیام لیونگ اسٹون 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کی جانب سے عمید آصف اور کرس جارڈن نے دو دو جبکہ محمد عامر اور کیمرون ڈیلپورٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں ٹاس جیت کر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا نیا ٹورنامنٹ اور نیا وینیو ہے، کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن فٹنس اچھی ہے اور گیم کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ ڈیرن سیمی کا کہنا تھا پاکستانی فینز سے ہمیشہ بہت پیار ملتا ہے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہے، 170 سے زائد اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ عماد وسیم نے کہا کہ ہماری بیٹنگ اچھی رہی ہے اور بولنگ بھی مضبوط ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں میچ کے حوالے سے عماد وسیم نے کہا کہ یہ ہمارا ہوم گراؤنڈ ہے اور کراچی ہمارے دل میں بستا ہے۔گزشتہ روز کھیلے گئے افتتاحی میچ میں دفاع چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔