پاکستان سپر لیگ فائیو کی پہلی سنچری کامران اکمل کے نام،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کامران اکمل کی سنچری کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔کامران اکمل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف شاندار سنچری اسکور کی اور یوں وہ پانچویں ایڈیشن میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ یہ پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر کامران اکمل کی تیسری سنچری ہے۔پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا جو پشاور نے کامران اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ کوئٹہ کو پہلا نقصان 33 رنز پر اٹھانا پڑا جب واٹسن 10 گیندوں پر 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے احمد شہزاد بھی زیادہ کھل کر نہ کھیل سکے اور 12 گیندوں پر 12 رنز بنا کیچ آؤٹ ہوگئے۔ آٹھ اوورز میں 50 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے جیسن رائے کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنائے۔ کوئٹہ کی چوتھی وکٹ 112 رنز پر گری جب سرفراز 25 گیندوں پر 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد جیسن رائے وکٹ پر جمے رہے مگر آخری اوورز میں بڑی شاٹس لگانے میں ناکام رہے جب کہ پانچویں نمبر آنے والے اعظم خان اور چھٹے نمبر آنے والے محمد نواز بھی ناکام ہوئے۔ دونوں بالترتیب 5 اور 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے 57 گیندوں پر 73 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے 4 اوورز میں 21 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے محتاط آغاز کیا اور اوپنرز نے اسکور 44 تک پہنچایا تاہم اس موقع پر ٹام بینٹن صرف 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔کامران اکمل نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور حیدر علی کے ساتھ مل کر اسکور 126 تک پہنچادیا۔ اس موقع پر حیدر علی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔شعیب ملک بھی 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر کامران اکمل نے پی ایس ایل فائیو کی پہلی اور پی ایس ایل میں مجموعی طور پر تیسری سنچری اسکور کی تاہم سنچری کرتے ہی وہ اگلی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انہوں نے 55 گیندوں پر 4 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے۔ اس کے بعد لیونگ اسٹون اور لیام ڈاؤسن نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ہدف کو باآسانی پورا کرلیا۔کوئٹہ کی جانب سے فواد احمد نے دو، سہیل خان اور ٹائمل ملز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔شاندار سنچری پر کامران اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں گزشتہ روز کراچی کنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ نے افتتاحی میچ میں اسلام آباد کے خلاف فتح حاصل کی تھی۔

تعارف: newseditor