لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی و ٹورازم پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ اپریل میں صوبائی سطح پر یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت ملکی یا صوبہ کی سطح پر کھیل، تعلیم یا کسی دوسرے شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کودوسرے صوبوں کے دورے کرائے جائیں گے اور دوسرے صوبوں کے ٹیلنٹڈ نوجوان پنجاب کا دورہ کریں گے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں یوتھ افیئرزسے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی وٹورازم پنجاب احسان بھٹہ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، لیگل ایڈوائزر اکرام باری سلیمی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ ودیگر بھی شریک تھے
اجلاس میں یوتھ ایکس چینج پروگرام، ای روزگار پروگرام، یوتھ آگاہی، کریکٹر بلڈنگ، یوتھ میگزین کی تیاری، یوتھ کانفرنس، انٹر نیشنل یوتھ ڈے، انٹر نیشنل ویلنٹیئر ڈے، ریجنل یوتھ فورم، یوتھ سنٹر کے قیام اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر کھیل، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی و ٹورازم رائے تیمور خان بھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق یوتھ کا آگے لانے کے لئے اہم اقدامات کررہے ہیں، ملک کی آبادی کا 60فیصد سے زائد حصہ یوتھ پر مشتمل ہے جس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے، نوجوانوں نے ہی مستقبل میں ملک کی باگ دوڑ سنبھالنا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ ان کی اچھے طریقے سے تربیت اور درست سمت میں رہنمائی کی جائے
سیکرٹری سپورٹس، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی وٹورازم پنجاب احسان بھٹہ نے اجلاس کو بتایا کہ یوتھ کی درست سمت میں رہنمائی کے لئے اہم منصوبے شروع کررہے ہیں، یوتھ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اعلیٰ سطح پر تیاری کی جارہی ہے، ای روزگار پروگرام کے تحت نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے رہنمائی دی جائے گی۔ صوبائی وزیر کھیل، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی و ٹورازم رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اپریل 2020ء میں صوبائی سطح پر یوتھ ایکس چینج پروگرام شروع کررہے ہیں جس کے تحت ملکی یا صوبہ کی سطح پر کھیل، تعلیم، سماجی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو دوسرے صوبوں کے دورے کرائے جائیں گے اور دوسرے صوبوں کے ٹیلنٹڈ نوجوان پنجاب کا دورہ کریں گے
انکی سکلز میں اضافہ کیا جائے گا اور ان کو پنجاب کے کلچر کے بارے میں بھی بتایا جائے گا، یوتھ ایکسچینج پروگرام سے قومی یکجہتی او ر بھائی چارے کو فروغ ملے گا، صوبائی وزیر کھیل، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی و ٹورازم رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ یوتھ کو آگے لائیں گے تاکہ ملک مضبوط ہو اور نئی لیڈر شپ سامنے آئے۔ نوجوان ملک کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ، پنجاب حکومت ان کو ہر ممکن پر سہولت فراہم کریگی۔