کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نمبر ون بیڈ منٹن پلیئر ماحور شہزاد کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور انہوں نے اب ایک اور سنگ میل عبو کر لیا ہے۔
بیڈ منٹن کی نئی عالمی رینکنگ میں ماحور شہزاد ٹاپ 140 میں شامل ہو گئی ہیں، یہ ماحور شہزاد کے کیرئیر کی بہترین عالمی رینکنگ ہی نہیں ہے بلکہ وہ ٹاپ 140 میں آنے والی پاکستان کی پہلی خاتون بیڈ منٹن کھلاڑی ہیں۔
ماحور شہزاد عالمی رینکنگ میں 138 نمبر پر آگئی ہیں۔ اس سے قبل ماحور شہزاد نے عالمی رینکنگ میں بہترین پوزیشن 149 نمبر کے ساتھ حاصل کی۔
ماحور شہزاد کی گزشتہ چند ماہ میں بیڈ منٹن میں پرفارمنس اچھی رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اب 213 نمبر سے 138نمبر پر آگئی ہیں۔
ماحور شہزاد کہتی ہیں کہ ٹاپ 140 میں آنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، وہ کارکردگی میں تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں، پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کرنا چاہتی ہوں۔
ماحور شہزاد نے بتایا کہ اگلا ہدف رینکنگ میں ٹاپ 100 میں آنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ میں اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گی۔
قومی کھلاڑی کو حال ہی میں بیڈ منٹن ایشیا نے ایشیا اولمپک پراجیکٹ میں شامل کیا ہے، انہیں مسلسل تیسرے برس پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے، وہ ایک بار پھر پراجیکٹ میں شامل ایشیا کی بیس کھلاڑیوں میں شامل واحد پاکستان کی خاتون کھلاڑی ہیں۔ اس پراجیکٹ کے تحت انہیں تین انٹر نیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کا موقع ملے گا اورٹریننگ پروگرامز بھی ملیں گے۔
ماحور شہزاد نے کچھ روز قبل پاکستان کی سابق نمبر ون پلوشہ بشیر کے ساتھ مل کر کینیا انٹر نیشنل بیڈ منٹن سیریز میں سلور میڈل جیتا، انہیں فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس ایونٹ کے بعد ڈبلز میں رینکنگ 149 نمبر پر پہنچ گئی جو ان کے کیرئیر کی بہترین ڈبلز رینکنگ ہے۔
ماحور شہزاد نے سنگلز ایونٹ کا کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
یوگنڈا انٹر نیشنل بیڈ منٹن ٹورنامنٹ میں ماحور شہزاد اور پلوشہ بشیر نے ڈبلز ایونٹ میں برانز میڈل جیتا