چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن کھلاڑی پنک کیپ پہنیں گے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنک ربن پاکستان کی مشترکہ کاوش کے نتیجہ میں7مارچ بروز ہفتہ کو ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 میں چھاتی کے سرطان سے آگاہی کا دن منایا جائے گا۔

اس روز اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان میچ دوپہر 2 بجے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں برقی قمقموں کی روشنی میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

چاروں ٹیموں کے کھلاڑی بچیوں کے ہمراہ گراؤنڈ میں داخل ہوں گے۔ پنک کیپ پہنے میدان میں اترنے والی بچیاں مختلف فیلڈنگ پوزیشنز پر موجود کھلاڑیوں کوپنک کیپ تھمائیں گی۔

علاوہ ازیں، 7 مارچ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور گلابی رنگ میں ڈھل جائے گا۔ اس روز کی مناسبت سے 7مارچ کو راولپنڈی اور لاہور میں شیڈول میچوں کے دوران گلابی رنگ کی اسٹمپس کا بھی استعمال کیا جائے گا۔

چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے دن میدان میں اترنے والی چاروں ٹیموں میں شامل کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز دونوں وینیوز پرپنک ربن پہن کر اس مہم کا حصہ بنیں گے۔

اْس روز میچ کے دوران دونوں وینیوز پر نصب بڑی اسکرینز پر چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے پیغامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

ایشیائی ممالک میں پاکستان سب سے زیادہ اس مرض کا شکار ہے۔6 ماہ کے دوران یہ دوسری مرتبہ ہوگا جب پاکستان کرکٹ بورڈ پنک ربن پاکستان کے اشتراک سے پنک ربن ڈے منائے گا۔

اس سیقبل 9 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پنک ربن ڈے منایا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس سے پہلے ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں بچوں کے سرطان سے آگاہی کا دن بھی مناچکا ہے۔ 22 فروری بروز ہفتہ کو منائے گئے اس روز ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو گروپ مرحلے کے دو میچز بالترتیب کراچی اور لاہور میں کھیلے گئے تھے۔

سلمان نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر:

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان کا شمار،چھاتی کے سرطان کے شکار ممالک میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ بطور ایک ذمہ دار ادارہ، سرطان سے آگاہی فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا پاکستان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔

سلمان نصیر نے کہاکہ پی سی بی اپنی سماجی ذمہ داریاں بخوبی جانتا ہے اور دنیائے کرکٹ کی بہترین لیگز میں شامل ایچ بی ایل پی ایس ایل ، اس مرض سے آگاہی کے لیے سب سے موزوں پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شائقینِ کرکٹ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ 7 مارچ کو گلابی رنگ کی شرٹ پہن کر اسٹیڈیمز کا رخ کریں۔

error: Content is protected !!