لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 19ویں میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم اننگز کی ابتدا میں ہی مشکلات سے دوچار تھی اور 17 کے مجموعی اسکور پر ذیشان اشرف پویلین لوٹ گئے۔
معین علی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22گیندوں پر 29رنز بنائے لیکن 37کے مجموعی اسکور پر عامر یامین نے لگاتار دو گیندوں پر پہلے معین اور پھر اگلی ہی گیند پر رلی روسو کو گولڈن ڈک کا شکار بنایا۔ اس موقع پر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھی پیچھے نہ رہے اور انہوں نے روی بوپاری اور اپنے ہم منصب شان مسعود کو پویلین واپس لوٹا دیا۔ابھی سلطانز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ عمر خان نے خوشدل شاہ کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو چھٹی کامیابی دلائی۔
میچ میں 16.5اوورز کا کھیل مکمل ہوا ہی تھا کہ بارش نے میچ میں مداخلت کردی اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پویلین کی راہ لی ،بارش کے آنے تک ملتان سلطانز نے 6وکٹوں کے نقصان پر 102رنز بنائے تھے، مسلسل بارش کے سبب امپائرز نے میچ ختم کرنیکا اعلان کردیاا ور دونوں ٹیموں کو ایک،ایک پوائنٹ دیدیا گیا،اس ایک پوائنٹ کے ساتھ ملتان سلطانز کا پلے آف مرحلے میں پہنچنا تقریبا یقینی ہوگیا ہے۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کراچی کنگز نے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور کیمرون ڈیلپورٹ کی جگہ مچل میک کلینیگن کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔ ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے روی بوپارہ اور شاہد آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔