نارملائزیشن کمیٹی سندھ کے فیصلوںکی حمایت کرتے ہیں‘ علی بہار بروہی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سندھ فٹبال کی 3متحرک شخصیات ناصر کریم، علی بہار بروہی اور اعظم خان کے درمیان ایک بڑی بیٹھک ہوئی جس کے مشترکہ اعلامیہ میں فٹبال کی ترقی کیلئے شانہ بشانہ چلنے کا اعلان اور اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ گروہی سیاست سے فٹبال کھیل روبہ زوال ہے جسکی تلافی کیلئے کسی نے پیشرفت نہیں کی اور صرف اس کھیل کو اپنے زاتی مقاصد اور مفاد کیلئے استعمال کیا لیکن اب ان چہروں کو فٹبال دوست اچھی طرح پہچان گئے ہیں۔ناصر کریم بلوچ کے ساتھ مل کر نہ صرف فٹبال کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کریں گے بلکہ آئندہ الیکشن میں ہر طرح کی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ ناصر کریم بلوچ نے علی بہار بروہی اور اعظم خان کو فٹبال کی بہتری کیلئے ان کا ساتھ دینے کے اعلان پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے جملہ ڈسٹرکٹس کے ساتھ ہمیشہ ناانصافی ہوتی آئی ہے۔

جس کا ازالہ کیا جائے گا۔مشترکہ اعلامیہ میںکہا گیا کہ سندھ کے سابق صدر خادم علی شاہ نے اپنے 12سالہ دور میں سوائے غیر ملکی دوروں اور ڈالرز جمع کرنے کے علاوہ کوئی باضابطہ اجلاس بلانا بھی گوارا نہ کیا ہے اور ایک وڈیرے کی طرح فٹبال کے عہدیداران کے ساتھ ہاریوں جیساسلوک کیا ہے ۔ سندھ کے جملہ عہدیدران و کلبس اب ان کے کردار و عمل کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ڈور ٹو ڈور جاکر اپنی غلطیوں پر ندامت کا اظہار کرکے آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانیاں کرارہے ہیں۔

سندھ فٹبال کے تین بڑوں نے اتفاق کیا کہ سابق صدر سید خادم علی شاہ اورسابق سیکریٹری سندھ رحیم بخش بلوچ کی کرپشن کو بے نقاب کرنے اور گول پروجیکٹ میں لاکھوں روپے کی خوردبرد اور فٹبال کلبوں سے ٹرانسفر اورفیڈریشن کی مد میں ٓنے والی رقوم کو ڈکارنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انکے خلاف کاروائی کرنے کیلئے سندھ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین خواجہ عبید الیاس کو جلد ایک لیٹر بھی ارسال کیا جائے گا جس میں تمام دستاویزی ثبوت اور فٹبال کلبوں کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں کے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ علی بہار بروہی اور اعظم خان نے فیڈریشن اور سندھ کی نارملائزیشن کمیٹی پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

error: Content is protected !!