لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ ) پی سی بی نے کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات سے بچاؤ کے لئے قذافی سٹیڈیم کے سامنے نیشنل ہاکی سٹیڈیم کے پہلے فلور پر 20 بستروں پر مشتمل عارضی ہسپتال قائم کردیا ہے جہاں شائقین کرکٹ کو کسی بھی مشکل وقت میں طبی امداد فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں واقع حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر میں بھی چھ بستروں اور راولپنڈی میں پیر مہر علی شاہ ایگری کلچر یونیورسٹی میں بھی تین بستروں پر مشتمل ہسپتال قائم ہے جہاں میچوں کے دوران عملہ فعال رہے گا۔
29 مارچ کو واحد ون ڈے اور سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے لئے دورے کے تیسرے مرحلے میں کراچی پہنچنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کی آمد سے قبل بی سی بی حکام یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ اگر کورونا وائرس کی صورتحال شدت اختیار کر گئی تو وہ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا خطرہ مول نہیں لیں گے کیونکہ پلیئرز کی صحت اولین ترجیح ہے البتہ فی الحال اس بارے میں کوئی فیصلہ قبل از وقت ہوگا۔
پی سی بی نے اپنے ایک حالیہ پریس ریلیز میں اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ 32 ارکان پر مشتمل ہسپتال کی نگرانی جنرل ہسپتال کرے گا جس کو پاکستان سپر لیگ فائنل کے ایک روز بعد یعنی 23 مارچ تک فعال رکھا جائے گا۔