اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے ڈیوس کپ ٹائی میں سلوانیا کے خلاف تین۔صفر سے واضح کامیابی حاصل کر لی جبکہ سلوانیا کی ٹیم پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد تنزلی کا شکار ہو کر گروپ ون سے گروپ ٹو میں چلی گئی۔اس موقع پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ خان،ڈپٹی ڈی جیز پی ایس بی منصور احمد،محمد اعظم ڈار ،سابق ڈی جی پی ایس بی ڈاکٹر اختر نواز گنجیرہ سمیت ٹینس کے شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔
پاکستان سپورٹس کپلکس اسلام آباد کے گراس کورٹ پر کھیلی جانیوالی ڈیوس کپ ٹائی میں پہلا سنگل میچ اعصام الحق قریشی اورنک رز بورسک کے درمیان کھیلا گیا جس میں ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد اعصام الحق قریشی نے 4۔6،7۔5اور7۔5(ٹائی بریک)سے کامیابی حاصل کرلی ۔تیسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں گیم بریک کیں۔دوسرا سنگل میچ عقیل خان اور بلیز کیوک کے درمیان کھیلا گیا جس میں عقیل خان پہلے سیٹ میں ڈاون جانے کے باوجود باقی دونوں سیٹ میں کامیابی حاصل کرکے میچ میں بھی کامیابی حاصل کر لی۔
عقیل خان نے 0۔6،8۔6(ٹائی بریک) اور6۔4سےن کامیابی حاصل کی۔ڈیوس کپ ٹائی کا ڈبلز اعصام الحق قریشی و عقیل خان اور بلیز کیوک و ٹام کوسیور کے درمیان کھیلا گیا جس میں اعصام الحق قریشی اور عقیل خان نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت ڈبلز میچ بھی 6۔3اور9۔7(ٹائی بریک)سے جیت کر ڈیوس کپ ٹائی میں کامیابی حاصل کر لی جبکہ سلوانیا کی ٹیم پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد تنزلی کا شکار ہو کر گروپ ون سے گروپ ٹو میں چلی گئی۔
میچ کے اختتام پر اعصام الحق قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے کامیابی نصیب ہوئی ،ہم ایک پلان کے تحت کھیلے تھے۔سلوانیا کے کھلاڑی پورا سیزن کھیلتے رہتے ہیں ،میں صرف ڈبلز کھیلتا ہوں،میں دو سال کے بعد سنگل میچ کھیلا ،عقیل خان اتنا اچھا پہلے کبھی نہیں کھیلا تھا،سنگل کھیلنے کے بعد میں نے اسے آرام کا مشورہ دیا لیکن اس نے میرے ساتھ ڈبلز کھیلنے کا اردہ کر لیا۔
عقیل خان 20سال سے قومی چیمپئن ہے ،پاکستان سپورٹس بورڈ اسے کیش پرائز سے نوازے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کی طرح اسے بھی پی ایس ایل میچز میں مدعو کیا جائے۔10سال سے پاکستان کا پرچم لیکر دنیا گھوم رہا ہوں،آرمی اور پولیس نے ملک میں امن قائم کیااور اسے محفوظ بنایا،پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔یورپی ملک پہلی مرتبہ پاکستان کھیلنے آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی گیم پر توجہ دینے سے کامیابی نصیب ہوئی۔
یہ بہت بڑی کامایابی ہے ،اب ہمارا مقابلہ یوکرائن کی ٹیم سے ہوگا،میں ٹینس فیڈریشن کو بھی کریڈٹ دیتا ہوں کہ انہوں نے بارش کے باوجود گراونڈ کو کھیلنے کے قابل بنایا۔عقیل خان نے کہا کہپہلے سیٹ کی چار گیمز میں صرف ایک،ایک پوائنٹ سے ہارا، اعصام نے مجھے بیک اپ کیا اور مجھے کامیابی نصیب ہوئی۔
پاکستان میں کھیلنا ایڈوانٹج ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی صرف کرکٹ کے کھیل کو پروموٹ کرتا ہے،چینلز دیگر کھیلوں کی کوریج کو یقینی بنائے تاکہ ان گیزم کیلئے بھی سپانس آئیں۔نک رز بورسک نے کہا کہ میں اچھا کھیلا لیکن بیڈ لک ہوئی اور اعصام جیت گیا۔
پاکستان کے لوگ بہت محبت کرنیوالے ہیںاور یہاں سیکورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
سلوانیا کے کپتان میہاملاکر نے بلیز کیوک ا ور ٹام کوسیورکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلا میچ کلوز تھا،گراس کورٹ کا مسئلہ نہیں تھا ،بارش کی وجہ سے ہمیں پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا،گراس کورٹ پر پاکستانی کھلاڑی اچھا کھیلے ۔ٹائی کے موقع پر اچھے انتظامات کیئے گئے تھے۔