پاکستان سپر لیگ فائیو، کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10وکٹوں سے شکست دیدی

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10وکٹوں سے شکست دے کر حساب برابر کردیا۔ اس سے قبل 8 مارچ بروز اتوار کو دونوں ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے 26ویں میچ میں کراچی کنگز نے 151 رنز کا ہدف 17گیندیں قبل بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ اوپنرز شرجیل خان اور بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ نے کراچی کنگز کو بآسانی فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔


تفصیلات کے مطابق میزبان ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کارگر ثابت ہوا۔ کپتان سہیل اختر اور تجربہ کار آلراونڈر محمد حفیظ کے علاوہ لاہور قلندرزکا کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ سہیل اختر نے 68 رنز کی انفرادی اننگز کے دوران فخر زمان اور کرس لیِن کے ہمراہ بالترتیب 49 اور 23 رنز کی شراکت قائم کی۔ فخرزمان 17 اور کرس لیِن 5 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاہور قلندرز کی امیدوں کا مرکز بین ڈنک متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ وہ 9 رنز بنا کر عمید آصف کا شکار بنے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز کے آو¿ٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ میدان میں آئے تو انہوں نے تیزی سے رنزبنانے کا سلسلہ شروع کیا۔


تجربہ کار بلے باز نے 22 گیندوں پر 35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 150 تک پہنچایا۔ اس دوران سمت پٹیل 5 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ویزے مجموعے میں 5 رنز کا اضافہ کرکے ناٹ آو¿ٹ رہے۔لاہو ر قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے ارشد اقبال اور عمید آصف نے 2،2 جبکہ کرس جارڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔


مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے اوپنرز شرجیل خان اور بابراعظم نے بااعتماد بلے بازی سے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں جارحانہ مزاج بلے بازوں نے ہوم گراونڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔ اس دوران لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں نے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرجیل خان کے دو کیچز بھی چھوڑے۔ دونوں کے درمیان 151 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کی چوتھی سب سے طویل پارٹنرشپ ہے۔ شرجیل خان نے 59 گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ بابراعظم 46 گیندوں پر 69 رنز بناکر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں یہ بابراعظم کی 12ویں اور شرجیل خان کی تیسری نصف سنچری ہے۔ بابراعظم وہ واحد بلے باز ہیں جو اب تک لیگ میں 12 نصف سنچریاں بناچکے ہیں۔ کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف17.1 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔


کامیابی کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں سے دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسری سے چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے۔میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شرجیل خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
13 مارچ بروز جمعہ کو پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں رات 8 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مدمقابل آئیں گی۔

تعارف: newseditor