لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 9وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں لاہور قلندرز نے پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں کوالیفائی کیاہے۔
ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے بعد لاہور قلندرز ایونٹ کے سیمی فائنل راؤنڈ میں جگہ بنانے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میچز 17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے 187 رنز کا ہدف 7 گیندیں قبل 1 وکٹ کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے اوپنر کرس لِین 113 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کپتان شان مسعود کے 42 اور روی بوپارہ کے 33 رنز کے باوجود ملتان سلطانز کی آدھی ٹیم 91 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ معین علی1، ذیشان اشرف 2 اور اسد شفیق 1 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
چھٹی وکٹ کی شراکت میں مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ نے روحیل نذیر کے ہمراہ جارحانہ انداز اپنایا۔ میچ کا پہلاچھکا اننگز کے 15ویں اوور میں روحیل نذیر نے لگایا۔ جس کے بعد خوشدل شاہ نے دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے 6 چھکے اور 5 چوکے جڑے۔ 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرنے والے خوشد ل شاہ نے 29 گیندوں پر 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
روحیل نذیر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 74 رنز کی شراکت محض 37 گیندوں پر بنی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے۔ بلاول بھٹی1 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور کرس لِین نے اننگز کا دھواں دھار آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نیپاور پلیکا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ابتدائی 6 اوورز میں 72 رنز بٹورے۔ میچ کے ساتویں اوور میں فخر زمان نے 25 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے 54 گیندوں پر 100 رنز کی شراکت قائم کرکے لاہور قلندرز کی میچ میں گرفت مضبوط کردی۔ بائیں ہاتھ کے اوپنر فخر زمان57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اْدھر کریز کے دوسرے اینڈ پر موجود کرس لیِن نے 22 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرنے کے باوجودذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور وہ میدان میں دلکش اسٹروکس کھیلتے رہے۔ کرس لیِن نے میچ میں ناقابل شکست سنچری بنائی۔ 52گیندوں پر سنچری کرنے والے کرس لیِن12 چوکوں اور 8 چھکوں کی بدولت113رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ ٹی ٹونٹی کیرئیر میں ان کی بہترین اننگز ہے۔
کرس لیِن کی یہ ا یچ بی ایل پی ایس ایل میں پہلی اور مجموعی طور پر دوسری ٹی ٹونٹی سنچری ہے۔ سہیل اختر19 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 7 گیندیں قبل 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے واحد وکٹ عثمان قادر نے حاصل کی۔
میچ میں سنچری اسکور کرنے پر کرس لیِن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020کا آخری گروپ میچ آج شام 7 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا، جہاں کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔