ریال میڈرڈ کے سابق صدر بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

میڈرڈ (جی سی این رپورٹ)مشہور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزو سانز کورونا وائرس کے سبب 76سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔لورینزو 1995 سے 2000 تک ریال میڈرڈ کے صدر رہے تھے اور ان کی سربراہی میں کلب نے دو مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ان کے بیٹے لورینزو سانز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد چل بسے ہیں، تاہم وہ اس انداز میں زندگی کے اختتام کے ہرگز مستحق نہ تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے والد دنیا کے سب سے بہترین اور دنیا کے بہادر ترین افراد میں سے ایک تھے، ان کے لیے ریال میڈرڈ اور ان کے اہلخانہ ہی سب کچھ تھے۔لورینزو سینز جونیئر خود بھی باسکٹ بال کے سابق کھلاڑی ہیں اور تین دن قبل انہوں نے بتایا تھا کہ ان کے والد میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا۔لورینزو 1980 کی دہائی سے ریال میڈرڈ کے بورڈ کا حصہ تھے اور 1995 میں رامون مینڈوزا کی جگہ کلب کے صدر منتخب ہوئے تھے۔

پھر 1998 میں 32سال بعد ریال میڈرڈ نے پہلی مرتبہ چیمپیئنز لیگ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا اور پھر دو سال بعد دوبارہ پیرس میں چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ان کے بعد فلورینٹینو پیرز ریال میڈرڈ کے نئے صدر بن گئے جن کے دودہائیوں پر مشتمل عہد میں میں ریال میڈرڈ نے پانچ مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تاہم ان میں سے اکثر گزشتہ پانچ سے 6 برسوں میں جیتی گئیں۔

تعارف: newseditor