کراچی (سپورٹس لنک رپوٹ) ایشین ہاکی فیڈریشن نے رواں سال جون میں ڈھاکا میں کھیلا جانے والا جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹور نامنٹ ملتوی کردیا ہے، ایشین ہاکی فیڈریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ میزبان بنگلہ دیش ہاکی فیڈریشن نے کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ حالات میں اس مقابلے کو آگے بڑھانے کی درخواست کی تھی ،جبکہ کئی ایشیائی ملکوں کے ہاکی حکام کو بھی اس بارے میں تشویش تھی۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت سمیت دس ملکوں کی ٹیموں کا یہ ایونٹ اب آئندہ سال ہو گا۔ جونیئر ہاکی کپ ڈھاکا میں چار سے بارہ جون تک کھیلا جانا تھا، ایونٹ میں پاکستان، بنگلہ دیش، بھارت، جاپان، ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین، تائیوان، اومان اور ازبکستان کی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی۔ جونیئر ایشیا کپ اگلے سال شیڈول بھارت میں ہونے والے جونیئر ورلڈکپ کا کوالیفائر ایونٹ بھی تھا۔ اس سے پہلے اذلان شاہ ہاکی کپ ٹورنامنٹ بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ جس کا میزبان ملائیشیا ہے ۔