ممبئی (سپورٹس لنک رپوٹ ) بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی شاہد آفریدی کی انسان دوستی جذبے کے معترف ہوگئے۔39 سالہ سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے انسانیت کے لیے کیے جارہے فلاحی کاموں کو سراہا ہے۔ اپنے پیغام میں بھارتی آف سپنرنے کہا کہ’’ شاہد آفریدی عوام کے لیے بہترین کام کررہے ہیں، اس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے‘‘۔
شاہد آفریدی نے بھی اپنے پیغام مین ہربھجن سنگھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’انسانیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے اور کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں پوری دنیا کومتحد ہونا پڑے گا، اس عالمی وباکا سب کو مل کر مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں غریبوں کی مدد کرنا ہوگی‘‘۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرہ افراد کی تعداد تیز ی سے بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں اب تک وائرس سے تقریباً 19ہزار افراد ہلاک اور سوا 4لاکھ متاثر ہو چکے ہیں۔
اٹلی سمیت دنیا بھر میں ہلاکتوں اور متاثرین کی تعداد تیزی سے بڑھنے کے سبب دنیا بھر کورونا وائرس کا خطرہ ہر گزرتے دن کیساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔اٹلی میں ایک مرتبہ پھر ایک ہی دن میں 743افراد کی ہلاکت کے بعد وائرس سے ہلاک افراد کی 6ہزار 820ہوگئی ہے جبکہ 69ہزار 176افراد وائرس کی زد میں ہیں۔سپین میں بھی ایک دن میں 514افراد کی ہلاکت کے نتیجے میں 2ہزار 696 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 42ہزار افراد اس وائرس کے سبب اب بھی اس سے متاثر ہیں۔تھائی لینڈ میں مزید 107کے وائرس کا شکار ہونے کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 934ہو گئی ہے جس کے بعد حکومت نے ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے جسکے جمعرات سے اطلاق کا امکان ہے۔