سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے سب پابندی کا شکار سابق آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ کی پابندی کی مدت کا آخاتمہ ہو گیا ہے جس کے ساتھ ہی وہ دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے اہل ہو گئے ہیں۔یاد رہے کہ 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے الزام میں اس وقت کے آسٹریلین کپتان اسٹیو اسمتھ پر کرکٹ آسٹریلیا نے ایک سال کی پابندی عائد کی تھی جبکہ انہیں دو سال کے لیے قیادت کے منصب کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ساتھ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی لیکن گزشتہ سال اسمتھ اور وارنر نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا کامیابی سے آغاز کر لیا تھا۔پابندی کے خاتمے کے بعد اسٹیو اسمتھ اب دوبارہ آسٹریلین ٹیم کی قیادت کے اہل ہو گئے ہیں لیکن ان کے ساتھی ڈیوڈ وارنر پر تاحیات پابندی عائد کی گئی جس کے سبب وہ اب کبھی بھی آسٹریلین ٹیم کی قیادت نہیں کر سکیں گے۔
ٹم پین کی جگہ اسٹیو اسمتھ کو دوبارہ کپتان بنانے کے مطالبات مستقل سامنے آ رہے ہیں لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا اسمتھ خود بھی اس منصب کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔گزشتہ سال کوچ جسٹن لینگر نے ٹم پین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسمتھ شاید بیٹنگ کے دباؤ کے ساتھ قیادت کا بوجھ نہ لینا چاہتے ہوں۔آسٹریلیا کی ون ڈے اور ٹی20 ٹیم کے کپتان ایرون فنچ ہیں اور انہیں بھی متعدد مرتبہ ہٹانے کے مطالبات کیے جا چکے ہیں۔پابندی کے خاتمے کے بعد اتوار کو اپنے بیان میں اسمتھ نے کہا کہ ابھی ان کی توجہ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رکھنے پر مرکوز ہے۔اسمتھ کو رواں سال انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کرنا تھی لیکن کورونا وائرس کے سبب لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے اور اسمتھ کا ماننا ہے کہ موجودہ صورتحال میں لیگ کا منعقد ہونا ناممکن نظر آتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں 21روزہ لاک ڈاؤن چل رہا ہے اور بھارت نے اپنی سرحدیں بند کرتے ہوئے غیرملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔اسٹیو اسمتھ نے کہا کہ بھارت نے 15اپریل تک پورے ملک کو لاک ڈاؤن کردیا ہے، لہٰذا ٹورنامنٹ منعقد ہوتا نظر نہیں آرہا، اگر ایونٹ منعقد ہوتا ہے تو اچھا ہے لیکن اگر نہیں ہوتا تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہو گی کیونکہ دنیا میں پہلے ہی کافی کھیلوں کے مقابلے متاثر ہوئے ہیں۔یہ بھی پڑھیں: فینی ڈی وی ویلیئرز بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کس طرح منظر عام پر لائے؟آسٹریلیا نے کھیلوں کے تمام تر مقابلے منسوخ کردیے ہیں اور ان کا جون میں شیڈول دورہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ سے ون ڈے سیریز بھی ملتوی ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے۔