اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)زلمی فاونڈیشن کی جانب سے افغانستان کے لیے کورونا وائرس سے بچاو کا طبی سامان عطیہ کیا گیا۔ طبی سامان میں پچاس ہزار ماسکس اور ایک ہزار پراٹیکٹر سوٹس شامل ہیں اسلام آباد میں افغان سفارتخانے میں پشاور زلمی اور زلمی فاونڈیشن کے چیرمین جاوید آفریدی نے طبی سامان افغان سفیر عاطف مشعل کے حوالے کیا ۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ کورونا وائرس عالمی وبا ہے اور ہم سب نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیر اعظم عمران خان تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں ۔ پاکستان حکومت کی سوچ اور خواہش ہے کہ کورونا وائرس کے اس مشکل ترین دور میں تمام دنیا مل کر اس وائرس کا مقابلہ کرے۔افغان سفیر عاطف مشعل کی جانب سے زلمی فاونڈیشن اور جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کیا ۔
زلمی فاونڈیشن کورونا کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔ زلمی فاونڈیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ اور خیبر پختونخواہ حکومت کو سرجیکل ماسکس اور پراٹیکٹر سوٹس عطیہ کیے جاچکے ہیں ۔اس کے علاوہ گزشتہ دو ہفتے سے باڑہ، خیبر ڈویژن، تیراہ میں راشن کی تقسیم بھی جاری ہے۔