لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی کائنات امتیاز نے لاک ڈاؤن کے دنوں میں گھر پر رہتے ہوئے کیلی گرافی میں مہارت حاصل کر لی۔عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کھلاڑی گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، ایسے میں کھلاڑیوں نے محدود دستیاب سہولیات میں خود کو فٹ رکھنے کی کوششیں تو جاری رکھی ہوئی ہیں لیکن ساتھ ہی نئی نئی مصروفیات بھی نکال لی ہیں
۔کھلاڑیوں نے مصروف وقت گزارنے کے لیے ناصرف نئے شوق پیدا کیے ہیں بلکہ ان میں مہارت بھی حاصل کر لی ہے۔قومی ویمن ٹیم کی 27سالہ فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر میں رہتے ہو ئے اسکیچنگ اور کیلی گرافی شروع ہی نہیں کی بلکہ اس میں مہارت بھی حاصل کر لی ہے۔ کائنات امتیاز بتاتی ہیں کہ کھلاڑیوں کے لیے اس وقت گھر میں رہنا مشکل کام ہے لیکن یہ وقت کی ضرورت ہے، ہمیں گھروں میں رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں تاکہ وبا کا جلد خاتمہ ہو اور زندگی معمول پر لوٹ آئے۔
کائنات امتیاز کا کہنا ہے کہ میں گھر میں رہتے ہوئے خود کو مصروف رکھنے کی کوشش کرتی ہوں، اپنی فٹنس پر توجہ تو دیتی ہوں لیکن اس کے علاوہ جو وقت ہوتا ہے اس میں میں ایسے کام کرتی ہوں جس سے خود کو متحرک رکھوں اور اپنی مصروفیات کو سامنے لانے کا بھی یہی مقصد ہے کہ میں دوسروں کو گھروں میں رہنے کے لیے متحرک رکھوں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ میرے والد آرٹسٹ ہیں، انہیں دیکھ کر ہی مجھے بھی شوق ہوا اور میں نے اسکیچنگ اور کیلی گرافی شروع کی اور اب اس میں تھوڑی سی مہارت بھی حاصل کر رہی ہوں، میں سمجھتی ہوں کہ اس سے اچھا شوق کوئی نہیں ہو سکتا۔پاکستان کی جانب سے گیارہ ون ڈے اور بارہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والی کائنات امتیاز نے اپنی ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ ڈونٹ رش چیلنج کے حوالے سے ایک ویڈیو بھی بنائی جوسوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو ئی۔
کائنات امتیاز بتاتی ہیں کہ انگلینڈ کی کھلاڑیوں کی اس چیلنج کی ویڈیو دیکھی تو میں نے بھی ان کا چیلیج قبول کیا اور ساتھی کھلاڑیوں سے بات کی اور ہم نے بھی ویڈیو بنا لی، ساتھی کھلاڑیوں نے شاندار کام کیا، ایڈٹنگ میں مشکل ہوئی لیکن اچھی ویڈیو بنی اور اس کا مقصد گھروں میں رہتے ہوئے خود کو مصروف رکھنا ہے۔