لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)سابق فاسٹ بولر عطا الرحمان نے قومی ٹیم کے سابق کھلاڑیوں عامر سہیل اور راشد لطیف پر سوال اٹھا دیا۔فاسٹ بولر عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ راشد لطیف اور عامر سہیل نے ان سے حلف نامہ بنوایا اور میڈیا میں جاری کردیا۔انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم پر میچ فکسنگ کا الزام لگانے والے بتائیں جب ان کی کپتانی میں وسیم اکرم نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ کھیلا تو کیا وہ ٹھیک ہوگئے تھے؟ جسٹس قیوم کمیشن میں اپنا بیان وسیم اکرم کے کہنے پر تبدیل کیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو جوا لیگ کہنے والے خود پی ایس ایل سے منسلک ہوگئے۔قبل ازیں سابق کرکٹر عامر سہیل نے کہا تھا کہ 1997 میں میچ فکسنگ کے الزام میں مجھ پر پابندی عائد تھی، اُس وقت ہم نے عطا الرحمان کے مؤقف کا ساتھ دیا تھا اور وہ حق پر تھا لیکن وہ تھوڑا کمزور تھا تو اس لیے اسے سزا دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر معاملے پر ہماری عطاالرحمان سے بات چیت ہوئی تھی جس کے بعد ہی انہوں نے عدالت میں حلف نامہ جمع کروایا تھا۔انہوں نے کہا کہ 1996 ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں وسیم اکرم کے نہ کھیلنے کے بارے میں دوست پہلے ہی بتا چکے تھے، البتہ منیجر انتخاب عالم نے کہا وسیم اکرم کھیلیں گے، پھر گراؤنڈ میں مجھے صرف 5 منٹ پہلے بتا یا گیا کہ بھارت کے خلاف سیمی فائنل میں آپ کپتان ہیں وسیم اکرم نہیں کھیلیں گے۔ خیال رہے کہ ملک میں ایک بار پھر میچ فکسنگ پر بحث جاری ہے اور ماضی کے کرکٹرز ایک دوسرے پر الزامات اور صفائیاں پیش کررہے ہیں۔