لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹرز انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل دو مرتبہ کورونا ٹیسٹ دیں گے،پہلا مرحلہ 20 جون کو اپنے شہروں میں متوقع جبکہ دوسری بار انگلینڈ روانگی پر انحصار کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کے انگلش ٹور کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران ہیلتھ ٹیسٹنگ کا شعبہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل دو مرتبہ کورونا وائرس ٹیسٹ کے عمل سے گزارے گا۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پہلا مرحلہ 20 جون کو متوقع ہے جس کے دوران ٹور کیلئے منتخب کھلاڑی اپنے شہروں میں ٹیسٹ کرائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے کا 25 جون کو امکان ہے تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دوسرے مرحلے کا انحصار حتمی شیڈول کی منظوری پر بھی ہے جس کے تحت انگلینڈ روانگی سے ایک روز قبل پلیئرز کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرائے جا سکتے ہیں جس کے انتظامات پی سی بی کا شعبہ میڈیکل کرے گا
۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ روانگی سے قبل تمام منتخب کرکٹرز اور ٹیم انتظامیہ میں شامل افراد مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں قیام کریں گے جس کے ایک فلور پر بائیو سکیور ماحول فراہم کرنے کیلئے ہوٹل انتظامیہ سے بات چیت کی جا رہی ہے۔