اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے عالمی شہرت یافتہ باکسر محمد علی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی عظیم اعتقادات کے مالک تھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر باکسر محمد علی کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ محمد علی مادی نظریات سے بالاتر ہو کر انسان کی تخلیق کے مقصد کو سمجھتے تھے۔عمران خان نے باکسر محمد علی کو ایک عظیم اسپورٹس مین قرار دیتے ہوئے لکھا کہ وہ ناصرف اس وجہ سے ایک عظیم اسپورٹس مین تھے کہ وہ نڈر، بہادر، ذہین اور باہمت تھے بلکہ محمد علی عظیم اعتقادات کے مالک بھی تھے۔وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹ میں ایک ویڈیو بعنوان ’محمد علی کی بڑی لڑائی صرف باکسنگ رِنگ میں نہیں تھی‘ بھی شئیر کی جس میں محمد علی کی پیشہ ورازنہ زندگی، اُن کے عقائد اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کو دکھایا گیا ہے۔
عمران خان نے اپنے پیغام میں لکھا کہ محمد علی نے اپنے اعتقادات کی اس وقت حفاظت کی جب وہ پیسہ کماسکتے تھے، انہوں نے کھیل کے بہترین وقتوں میں مشکلات کا مقابلہ کرتے ہوئے یہ عظیم قربانی دی۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ باکسر محمد علی ایمان کی حد تک اس حقیقت کو پا گئے تھے کہ جانوروں کے برعکس انسانوں کا وجود ایک مقصدِ عظیم سے جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ محمد علی اپنے عقائد کی وجہ سے رہتی دنیا تک لوگوں کیلئے مثال ہیں۔واضح رہے کہ لیجنڈ باکسر محمد علی 17 جنوری 1942 کو امریکی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویل کے ایک عیسائی گھرانے میں پیدا ہوئے تاہم 1960 میں 18 برس کی عمر میں انہوں نے اسلام قبول کر کے اپنا نام محمد علی رکھ لیا۔
12 سال کی عمر میں محمد علی نے ایک مقامی جمنازیم میں اپنے باکسنگ کیرئیر کا آغاز کیا۔ 1960 سے 1963 تک 19 مقابلے کھیلے اور سب میں فتح حاصل کی۔ 18 سال کی عمر میں انہوں نے 1960 کے اولمپک مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتا۔22 سالہ محمد علی نے 1964 میں دنیائے باکسنگ کے خطرناک ترین کھلاڑی سونی لسٹن کو شکست دے کر بے پناہ شہرت حاصل کی۔انہوں نے اپنے 20 سالہ باکسنگ کیرئیر میں 56 مقابلے جیتے۔ 37 مقابلوں میں حریف کھلاڑی کو ناک آؤٹ کیا۔محمد علی نے 39 سال کی عمر میں انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے اداکاری اور گلوکاری کے شعبے میں بھی کام کیا۔ اپنی زندگی پر دو کتابیں بھی لکھیں۔محمد علی طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد تین جون 2016 کو اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔