لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ افسران لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبے جلد ازجلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کریں، اس معاملے میں سستی یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پی سی ون بنانے میں بہت احتیاط کی جائے کیونکہ منصوبے کی بنیاد پی سی ون سے شروع ہوتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے منصوبوں کا بروقت مکمل ہونا ضروری ہے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز میں سپورٹس کے جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران کیا
اجلاس میں لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز میں جاری سپورٹس کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو و ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈویژنل سپورٹس افسران لاہور و فیصل آباد ندیم قیصر اور طارق نذیر نے بریفنگ دی، اجلاس میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رؤف باجوہ، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی ٹیم نے بھی شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولیات فراہم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اس لئے لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز میں جاری سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا ازحد ضروری ہے
افسران ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ان منصوبوں کو جلداز جلد مکمل کرائیں، ان منصوبوں کا خود موقع پر جا کر جائزہ لیا کریں، انہوں نے مزید کہا کہ پی سی ون کسی بھی نئے منصوبے کے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے، افسران پی سی ون بنانے میں احتیاط سے کام لیں اور منصوبے کے ہر پہلو کا تفصیلی ذکر کریں تاکہ بعد میں مسائل پیدا نہ ہو اور منصوبے تیزی سے مکمل کرنے میں آسانی رہے، صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے ہدایت کی کہ اقبال پارک میں 19کنال اراضی کو استعمال میں لاتے ہوئے اکھاڑہ بنانے کا جائزہ لیا جائے تاکہ دیسی کشتی جو پنجاب کی پہچان ہے اسے فروغ دیا جاسکے
اجلاس میں قصور جمنیزیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کے کام کی رفتار تسلی بخش ہے، ان منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کی جارہی ہے، لاہور اور فیصل آباد ڈویژنز میں جاری سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں میں جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جس سے نوجوان اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں گے،عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سپورٹس منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جس کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جارہا ہے، اگلے چند ماہ میں کئی منصوبے مکمل ہو جائیں گے جس سے نوجوان ان جدید سہولیات سے استفادہ کرسکیں گے
پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو و ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان نے پی ایم یو کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ انجینئرز کی نگرانی میں تمام منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں جن میں معیار کا خاص خیال رکھا جارہا ہے، ڈویژنل سپورٹس افسر لاہور ندیم قیصر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں کل 19منصوبوں پر کام ہورہا ہے جن میں تحصیل لاہور ماڈل ٹاؤن میں 11، تحصیل لاہور کینٹ میں 4 اور تحصیل لاہور سٹی میں بھی 4 منصوبے شامل ہیں، ماڈل ٹاؤن، اے پی ایس 7×7 ہاکی گراؤنڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے،آسٹروٹرف بچھا دی گئی ہے، ڈویژنل سپورٹس افسر فیصل آباد طارق نذیر نے بتایا کہ فیصل ڈویژن میں کل 23 منصوبے تیار ہورہے ہیں جن میں 20 سکیمیں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ جبکہ 3 سی این ڈبلیو کی ہیں، ان سکیموں پر کام جاری ہے جن کو انشاء اللہ مقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔