لاہور(سپورٹس رپورٹر)کورونا وائرس کا کھیلوں پر ایک اور وار ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ2020 بھی آئندہ برس تک ملتوی کردیا گیا،ایشین کرکٹ کونسل نے آن لائن اجلاس کے دوران پلیئرز اور دیگر سٹاف کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر ایونٹ موخر کرنے کی تصدیق کردی،2021 میں سری لنکا اور2022 میں پاکستان میزبانی کرے گا،چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ ایشیائی مقابلوں کے التوا میں کوئی سیاست کارفرما نہیں،محض حفاظتی بنیادوں کے تحت فیصلہ کرنا پڑا کیونکہ رواں برس انعقادبہت بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ نے آن لائن اجلاس کے دوران گزشتہ روز ایشیا کپ2020کو ملتوی کرنے کی تصدیق کردی اور اس حوالے سے جاری کردہ پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ بورڈ ہر ممکن طور پر ایونٹ کو شیڈول کے مطابق کرانا چاہتا تھا لیکن سفری پابندیوں،ہر ملک کی اپنی قرنطینہ ضروریات،بنیادی صحت کے خطرات اور سماجی فاصلوں کے سخت چیلنجز کے پیش نظر ایسا ممکن نہیں ہو سکتا کیونکہ شرکت کرنے والے کھلاڑیوں،سپورٹ سٹاف،کمرشل پارٹنرز ، شائقین اور کرکٹ کمیونٹی کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے
لہٰذا ان تمام پہلوؤں کو بڑی احتیاط کے ساتھ سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ایشیا ءکپ2020کو ملتوی کردیا جائے۔پریس ریلیز کے مطابق ٹورنامنٹ کا ذمہ دارانہ انداز سے انعقاد اے سی سی کی ترجیح ہے لہٰذا اسے اب 2021میں کرایا جائے گا جس کیلئے آئندہ برس جون میں موزوں ونڈو کی تلاش پر کام کیا جا رہا ہے۔اس بات کی بھی وضاحت کردی گئی ہے کہ رواں برس ایونٹ کے میزبان پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سری لنکا سے ایونٹ کی میزبانی تبدیل کرلی تھی جس کے تحت ری شیڈول ایونٹ کا آئندہ برس میزبان سری لنکا ہوگا جبکہ 2022میں پاکستان میزبانی کے فرائض ادا کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ احسان مانی نے بھی ایشیا کپ کی رواں برس منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ فیصلہ عالمی وبا کی شدت کے باعث کرنا پڑاجسے ایشیائی کرکٹ کونسل آئندہ برس کرانا چاہتی ہے کیونکہ رواں برس اس کا انعقاد بہت بڑا خطرہ بن سکتا ہے اور اسی وجہ سے انہوں نے بھی کرکٹ سری لنکا سے میزبانی تبدیل کرلی تھی کیونکہ جنوبی ایشیا میں سری لنکا واحد ملک ہے جسے کورونا وائرس نے سب سے کم متاثر کیا ہے۔
احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کرکٹ کے بچاؤ کو پیش نظر رکھا اور کرکٹ سری لنکا سے مذاکرات کے بعد میزبانی کی تبدیلی کا فیصلہ کیا جسے اے سی سی بورڈ نے بھی منظور کرلیا۔دلچسپ ترین بات یہ ہے کہ رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑا ہوا ہے اور ایشیاء کپ کے التوا نے آئی پی ایل کیلئے راہیں ہموار کردی ہیں جس کا انعقاد بھارت بمقابلہ آسٹریلیا سیریز سے قبل کیا جا سکتا ہے۔