امیتابھ کی صحت یابی کیلئے شعیب اختر کی دعا، صارف کی تنقید پر کھری کھری سنا دیں

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ )بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن اور ان کے اہل خانہ کے جیسے ہی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر ملی تب سے ہی تمام مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔پاکستان سے بھی امیتابھ بچن اور ان کے اہل خانہ کی صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کورونا میں مبتلا بچن خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی امیتابھ بچن کی جلد صحت یابی کی دعا دی۔

شعیب اختر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ امیت جی جلد صحتیاب ہوں، آپ کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔اس پر ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے شعیب اختر کو نفرت آمیز جواب دیتے ہوئے کہا کہ سرحد پار دہشت گرد رہتے ہیں، ہمیں کوئی بھی جلد صحتیابی والی دعا کے پیغامات نہیں چاہئیں۔مگر شعیب اختر نے بہت پیار سے بھارتی ٹوئٹر صارف کو جواب دیا کہ سننے والی اوپر والے کی ذات ہے، کیا پتا کس کی سن لے، آپ کے لیبل کرنے سے کوئی لیبل نہیں ہو جاتا۔ خدا آپ پر رحم فرمائے۔شعیب اختر کے اس جواب کو متعدد کرکٹ شائقین نے خوب سراہا اور ان کی تعریف کے پل باندھے۔

error: Content is protected !!