پاکستان فیڈریشن بیس بال نے راولپنڈی میں”خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال اکیڈمی”کے قیام کااعلان کردیا

فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید کی زیر سرپرستی تمام انتظامی امور کی ذمہ داریاں یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس (YES) ویلفیئرسوسائٹی نبھائےگی۔صدر سید فخر علی شاہ

کوٹری/راولپنڈی(پرویز شیخ/عائشہ ارم)پاکستان  فیڈریشن بیس بال نے راولپنڈی میں”خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال اکیڈمی”کے قیام کااعلان کردیا جسکی وہ رہنمائی وسرپرستی کرے گی جبکہ دیگر تمام انتظامی امور کی ذمہ داریاں یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس(YES)ویلفیئرسوسائٹی نبھائےگی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سیدفخرشاہ نے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہماری فیڈریشن چیئرمین شوکت جاوید کی زیرسرپرستی پاکستان میں یوتھ ٹیلنٹ کی پروموشن کیلئے بہت کام کررہی ہے اور راولپنڈی میں خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال اکیڈمی کاقیام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اور جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ملکی حالات کی بہتری اور تعلیمی ادارے کھلتے ہی مذکورہ اکیڈمی کاافتتاح پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ ٹیموں کے مابین ایک شاندار میچ سے کیاجائے گا جس میں ملک بھر کے انٹرنیشنل اور نیشنل سطح کی کھلاڑی اور آفیشلز شریک ہونگے۔اس ضمن میں فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید نے کہاکہ یہ اکیڈمی انشاء اللہ پاکستان میں بیس بال کے فروغ کیلئے اہم کردار اداکرے گی اور فیڈریشن اکیڈمی کی کامیابی اور ترقی کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی۔دریں اثناء یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس (YES)ویلفیئرسوسائٹی کی نائب صدر شازیہ جاوید نے شفقت اللہ نیازی کو اکیڈمی کا ہیڈکوچ مقرر کرنے اور ساتھ ہی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی جانب سے فروغ بیس بال کا موقع فراہم کرنے پر فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید، صدر سید فخر علی شاہ، سینیئر نائب صدر انجینیئر محمد محسن خان، سیکریٹری شیخ مظہر احمد، چیئر پرسن وومین ونگ سادیہ علوی، وومین سیکریٹری عائشہ ارم اور دیگر عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فروغ بیس بال کے لیئے حتی المقدور توجہ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تعارف: newseditor