مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ) اسپورٹس تماشائیوں کی اسٹیڈیم واپسی کے لیے برطانوی حکومت نے اہم اعلان کر دیا۔انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق آزمائشی طور پر رواں ماہ سے شائقین کی محدود تعداد کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دی جائے گی۔محفوظ واپسی کے لیے پہلے دو کاؤنٹی کے دوستانہ میچز میں شائقین کو اجازت دی جائے گی، 26 اور 27 جولائی کو سرے بمقابلہ میڈل سیکس دوستانہ کاؤنٹی میچز میں شائقین کی کم تعداد کو اسٹیڈیم آنے دیا جائے گا۔انگلش کرکٹ بورڈ نے حکومت کی جانب سے شائقین کی اسٹیڈیم واپسی کی اجازت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کی محفوظ واپسی کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ شائقین کی میدانوں میں مکمل واپسی تک اضافی اقدامات کی ضرورت ہے تاہم آزمائشی بنیادوں پر شائقین کی واپسی میدان آباد کرنے کی طرف پہلا قدم ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس بحران کے باعث بند دروازوں کے پیچھے بنا شائقین کے کھیلی جانے والے اپنی نوعیت کی پہلی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے دوران خالی اسٹیڈیم میں مصنوعی تماشائیوں کا شور لگایا گیا ہے۔بورڈ حکام کے مطابق مصنوعی شور لگانے کا مقصدکھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے پہلے جیسا ماحول فراہم کرنا ہے جس کے لیے پرانے میچز کی آڈیوز کو استعمال کرنے کے لیے ایڈٹ کیا جا رہا ہے۔