محمد عامر اور مساجر محمد عمران کو انگلینڈ بھیجنے کی منظوری

ڈربی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ گذشتہ ہفتے دوسری بیٹی کی پیدائش کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عامر انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کریں گے۔

علاوہ ازیں، ٹیم منیجمنٹ کی درخواست پر پی سی بی نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں مساجر کی ذمہ داریاں نبھانے والے محمد عمران کو انگلینڈ بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔

پروٹوکول کے مطابق سفر کے لیے محمد عامر اور محمد عمران کی جہاز پر روانگی سے قبل ان کے کوویڈ19 کے 2 منفی ٹیسٹ آنا لازمی ہے۔ ان دونوں کا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ آج (20 جولائی بروز پیر کو) لیا گیا ہے۔ پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں لاہور کے بائیو سیکیور ماحول بھجوادیا جائے گا جہاں بدھ کو ان کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ لیا جائے گا۔

محمد عامر کےانگلینڈ میں اسکواڈ کو جوائن کرنے کی صورت میں وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا جائے گا۔

دوسری طرف آلراؤنڈر شعیب ملک کی انگلینڈ روانگی میں اگست کے دوسرے ہفتے تک تاخیر ہے کیونکہ بھارت میں 31 جولائی تک سفری پابندیوں کے باعث شعیب ملک کی فیملی ری یونین بھی تاخیر کا شکار ہے۔28 اگست سے شروع ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کو جوائن کرنے والے شعیب ملک کی انگلینڈ روانگی کی صورت میں اسکواڈ سے ایک کھلاڑی کو ریلیز کردیا جائے گا۔

error: Content is protected !!