محمد عامر تجربہ کار، اسی لئے بلایا گیا، وقار یونس

مانچسٹر (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ عامر وائٹ بال کرکٹ کا ہمیشہ سے حصہ رہے ہیں، آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے قبل وہ ریٹائر ہوئے تھے جس پر ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا مگر ان کیلئے دروازے کبھی بند نہیں کیے۔قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محمد عامر تجربہ کار بولر ہیں اس لیے ان کو بلایا گیا ہے، وہ وائٹ بال کرکٹ کا ہمیشہ سے حصہ رہے ہیں۔

وقار یونس کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل بھرپور پریکٹس کررہے ہیں تاکہ کوئی کمی نہ رہ جائے، امید ہے ٹیسٹ سیریز سے قبل ہم اس پوزیشن پر ہوں گے جہاں ہم انگلینڈ کو چیلنج کرسکیں۔بولنگ کوچ نے کہا گیند چمکانے کیلئے تھوک کے استعمال کی پابندی بڑا مسئلہ نہیں ہوگا، ویسٹ انڈیز کی سیریز کو بھی دیکھ رہے ہیں کہ وکٹ کا ردعمل کیسا ہے، امید ہے کہ بولرز کنڈیشنز کو بھرپور انداز میں استعمال کریں گے۔

وقار یونس نے کہا کہ شاہین اور نسیم کو وقار اور وسیم کا متبادل قرار دینا قبل از وقت ہوگا، دونوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، اسکلز اور انرجی بھی بھرپور ہے، مجھے امید ہے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی پاکستان کیلئے لمبے عرصے تک کھیلیں گے۔قومی بولنگ کوچ کاکہنا تھا کہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ میری نظر میں جوفرا آرچر اور مارک ووڈ سے زیادہ اسکل رکھتے ہیں۔وقار یونس نے کہا کہ انگلینڈ میں پاکستان کا ٹریک ریکارڈ کافی اچھا ہے، اس بار بھی قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔

تعارف: newseditor