لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہاہے کہ بھار ت کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کو تیا رہیں لیکن اس کی خاطر اس کے پیچھے نہیں بھاگیں گے ،میری خواہش ہے کہ پاکستا ن کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں غیرملکی کھلاڑیوں کو کھیلتا ہوا دیکھوں ،وزیراعظم عمران خان پی سی بی کے پیٹرن ان چیف ہیں لیکن وہ بورڈ کے معاملات میں زیادہ مداخلت نہیں کرتے ۔
احسان مانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی جانے والی پوڈکاسٹ کی نئی قسط میں کہاہے کہ بھارت کے ہروقت کہیں بھی کرکٹ کھیلنے کو تیار ہیں تاہم اس کیلئے اب نہ تو بھارت سے کوئی درخواست کی جائے گی اور نہ دعوت دی جائے گی ،پیچھے بھاگنے کا سوچ بھی نہیں سکتے ،بھارت نے بہت بار وعدہ کرکے ہمارے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلی ۔انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں غیرملکی کرکٹرز کو کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا نظام اُن کی اس خواہش کی تکمیل کرسکتا ہے
اس نظام سے سابق کرکٹرز کو ماضی سے زیادہ روزگار ملے گا۔احسان مانی کا کہنا تھا کہ سابق کرکٹرز کو سمجھنا ہوگا کہ پہلے صرف پاکستان کرکٹ بورڈ تھا اور اب 6 مزید ایسوسی ایشنز میں بھی روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بورڈ کے معاملات میں زیادہ مداخلت نہیں کرتے تاہم ہم بطور پیٹرن انچیف پی سی بی ان سے مشاورت کو اہمیت دیتے ہیں اور ا ن کے کرکٹ کی دنیا میں تجربے سے فائدہ بھی اٹھانا چاہتے ہیں ۔وزیر اعظم نے کرکٹ کے فروغ اور ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے فری ہینڈ دے رکھا ہے اور ان کو تمام معاملات کے حوالے سے آگاہ رکھا جاتاہے ۔