لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)فاسٹ بولر محمد عامر اور ٹیم کے مساجر محمد عمران انگلینڈ روانہ ہوگئے، دونوں اراکین کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد ڈربی میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے
محمد عامر کے اسکواڈ میں شامل ہونے کی وجہ سے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر اسکواڈ کا حصہ نہیں رہے ۔محمد عامر اور محمد عمران لاہور سے براستہ دبئی مانچسٹر کے لیے روانہ ہوئے ہیں جہاں سے وہ ڈربی پہنچیں گے
ڈربی پہنچنے پر محمد عامر اور مساجر محمد عمران کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے عمل سے گزریں گے۔محمد عامر دو ٹیسٹ منفی آنے اور محمد عمران ایک ٹیسٹ منفی آنے پر اسکواڈ جوائن کرنے کے اہل ہوں گے، محمد عمران چونکہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں اس لیے انہیں زیادہ خطرہ نہیں اور نظر ثانی شدہ قواعدو ضوابط کے مطابق انہیں ایک منفی ٹیسٹ کی ضرورت ہے۔
محمد عامر کے اسکواڈ میں شامل ہونے سے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ قومی اسکواڈ میں دو وکٹ کیپرز محمد رضوان اور سرفراز احمد پہلے سے ہی موجود ہیں۔