ڈربی(سپورٹس لنک رپورٹ)ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کادوسرا انٹرا اسکواڈ چار روزہ پریکٹس میچ آج سے دی انکورا کاؤنٹی گراؤنڈ ڈربی میں شروع ہوگا۔ پانچ اگست سے شروع ہونے والی سیریز سے قبل اس چار روزہ پریکٹس میچ کو فرسٹ کلاس میچ کا درجہ دیا گیا ہے۔
مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے(پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے) شروع ہونے والے میچ میں پی سی بی گرین کی قیادت اظہر علی جبکہ پی سی بی وائیٹ کی کپتانی سرفراز احمد کے سپرد کی گئی ہے۔
میچ کے لیے اعلان کردہ دونوں ٹیموں کے 14 رکنی اسکواڈز مندرجہ ذیل ہیں:
پی سی بی گرین:
اظہر علی (کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، شان مسعود، محمد رضوان،محمد عباس، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض، یاسر شاہ، شاداب خان، محمد حفیظ اور محمد حسنین۔
پی سی بی وائیٹ:
سرفراز احمد (کپتان)، فہیم اشرف، فواد عالم، فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، حیدر علی، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، خوشدل شاہ، موسیٰ خان، سہیل خان اور عثمان شنواری۔
جمعہ سے شروع ہونے والا یہ چار روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ پانچ اگست کو انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان کا آخری پریکٹس میچ ہے۔قومی کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2، دو روزہ اور ایک چار روزہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ بھی کھیل چکی ہے۔
اس سے قبل کھیلے گئے چار روزہ انٹرا ا سکواڈ پریکٹس میچ میں ٹیم گرین نے ٹیم وائیٹ کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ٹیم وائیٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز بنائے تھے، جواب میں ٹیم گرین کی ٹیم 181 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ 68 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ٹیم وائیٹ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کی تو ٹیم گرین نے میچ کے آخری روز 353 رنز کا مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
گذشتہ انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ میں چھ نصف سنچریاں ( محمد رضوان، اسد شفیق(2)، حیدر علی، بابراعظم اورفخر زمان) اور 2 سنچریاں (محمد رضوان اور اظہر علی) بنیں ۔باؤلنگ میں نسیم شاہ اور سہیل خان نے ایک اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
میڈیا اور فینز کی سہولت کے لیے میچ کی تصاویر، ویڈیوز اور اسکور کارڈ سے متعلق تمام تر تفصیلات پی سی بی فراہم کرے گا۔