اولڈ ٹریفورڈ (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹیسٹ میں 269 رنز سے شکست دیکر تین میچز کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں مہمان ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں پوپ، بٹلر اور اسٹیورٹ براڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 369 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔انگلش ٹیم کی جانب سے پوپ 91، بٹلر67، براڈ 62 اور برنس 57 رنز بناکر نمایاں رہے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے روچ نے 4، گیبریئل اور چیس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتداء میں ہی انہیں نقصان اٹھانا پڑا۔
ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 197 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں میزبان انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 172 رنز کی سبقت حاصل ہوئی۔مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان جیسن ہولڈر ہی نمایاں کھیل پیش کرسکے اور وہ 46 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ انگلینڈ کے بولر اسٹیورٹ براڈ نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔مہمان ٹیم پر بڑی برتری حاصل کرنے کے بعد انگلینڈ کی جانب سے رورے برنس اور ڈوم سبلے نے دوسری اننگز شروع کی اور شاندار بلے بازی کی۔انگلینڈ نے دوسری اننگز 226 رنز پر دو کھلاڑیوں کے نقصان پر ڈکلیئر کردی اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 399 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔برنس 90 اور سبلے 56 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ جوئے روٹ 68 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 79 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ہوپ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 129 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔انگلینڈ نے تیسرے ٹیسٹ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 269 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔انگلش ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز میں بھی براڈ نے شاندار بولنگ کی اور 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ انہیں ٹیسٹ میں نصف سنچری بنانے اور مجموعی طور پر 10 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ خیال رہے کہ تین ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 113 رنزسے شکست دے کر پہلے ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ لیا تھا۔