کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کی پاکستان آمد تصور سے باہر کی بات ہوگی لیکن قومی ٹیم کے کورونا وائرس کے دوران حالیہ دورے کو انگلینڈ پر دباؤ ڈالنے کی وجہ نہیں بنائیں گے کیونکہ ان کے انگلینڈ ٹور کا مقصد جواب میں کچھ حاصل کرنا نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں سب کا یکجا ہونا ضروری ہے لیکن وہ حالیہ دورے کو کسی بھی چیز سے نہیں جوڑنا چاہتے کیونکہ چیئرمین پی سی بی بننے کے بعد سے ان کی چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن سمیت دیگر حکام سے پاکستان میں ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں جنہوں نے یہاں کے حالات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
احسان مانی پراعتماد ہیں کہ سکیورٹی کا معیار بلند تر رہے گا کیونکہ ان کی اہلیہ بھی خود ہی کار ڈرائیو کرتے ہوئے اسلام آباد میں آتی جاتی ہیں جن کیلئے گارڈز کی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوتی اور ویسے بھی دنیا میں کوئی جگہ خطرات سے پاک نہیں ہے اور جب سب کچھ یکساں ہے تو کوئی وجہ نہیں کہ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ نہ کر سکے۔
احسان مانی نے مشورہ دیا کہ لوگ پاکستان آکر اس ملک کے متعلق اپنے تصورات میں تبدیلی لائیں کیونکہ یہاں آنے والے ماحول دیکھ کر حیران ہوئے بغیر نہیں رہ پاتے اور آئی سی سی کے گزشتہ چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن کو بھی نصف شب کے دوران لوگوں سے بھرے ریسٹورنٹ دیکھ کر کافی حیرت ہوئی تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہوم میچز پاکستان کیلئے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں اور انگلینڈ جیسی ٹیم کا یہاں آنا دنیا سے باہر کی بات ہوگی جس میں شامل پلیئرز کو پاکستان میں صرف ٹی وی پر دیکھا جاتا ہے اور ان کو حقیقی معنوں میں نظروں کے سامنے دیکھنا ایک لاجواب ہی نہیں بلکہ دبئی اور شارجہ کے خالی میدانوں کے برعکس ایک بہترین تجربہ ہوگا۔