اولڈٹریفور ٹیسٹ،پاکستانی بلے باز لڑکھڑا گئے،137 پر 8پویلین لوٹ گئے

مانچسٹر (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان نے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 219 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز 8 وکٹوں پر 137 رنز بنا لئے ۔اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو انگلینڈ کا سکور 4 وکٹوں پر 92 رنز تھا،پیسر نسیم نے 62رنز بنانے والے اولی پوپ کی اننگز سمیٹ دی جس کے بعد یاسر شاہ نے اپنے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انگلینڈ کو بڑے سکور کی اجازت نہیں دی۔جوزبٹلر 38 اور کرس ووکس 19 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گھومتی ہوئی گیندوں کا شکار ہوگئے۔ جوفرا آرچر اور سٹورٹ براڈ نے بالترتیب 19 اور 29 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر اننگز کے اختتامی لمحات میں پاکستانی باؤلرز کو مشکلات سے دوچار کردیا تاہم شاداب خان نے آرچر اور جیمزاینڈرسن کی وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ کے سکور کو 219 رنز تک محدود کردیا۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس اور شاداب خان نے 2،2، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔پہلی اننگز میں 117 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مکمل ناکام ہوئی اورپہلی ہی وکٹ 6 رنز پر گری جب پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوئے۔کپتان اظہر علی اور عابد علی نے دوسری وکٹ میں سکور کو 33 رنز تک پہنچایا تاہم عابد علی 20 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بابراعظم کی اننگز 5 رنز تک محدود رہی۔پاکستان ابتدائی تین وکٹوں سے 48 رنز پر ہی محروم ہوگیا

جبکہ اظہرعلی کی ہمت بھی 18 رنز بنا کر جواب دے گئی۔تجربہ کار بلے باز اسد شفیق اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے بالترتیب 29 اور 27 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی،شاداب خان 15رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی 2 رنز بنا کر 137 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 8 وکٹوں پر 137 رنز بنائے تھے اور 244 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ یاسر شاہ 12 اور محمد عباس صفر پر کھیل رہے ہیں ۔انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ، ووکس اور سٹوکس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

تعارف: newseditor