ہمارے کپتان نے موقع کھو دیا،وسیم اکرم

مانچسٹر (سپورٹس لنک رپورٹ)مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کے بعد سابق کپتان وسیم اکرم نے کپتان اظہر علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہر علی کو کئی مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے، شکست سے شائقینِ کرکٹ اور پاکستان ٹیم کو تکلیف ہوئی ہو گی۔سابق کپتان وسیم اکرم نے پہلے ٹیسٹ میں شکست پر کپتان اظہر علی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ہمارے کپتان نے موقع کھو دیا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک اظہر علی کی کپتانی کا تعلق ہے انہیں کئی مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہ اٹھا سکے، جب کرس ووکس بیٹنگ کے لیے آئے تو انہیں سیٹ ہونے دیا گیا، نہ باؤنسرز، نہ شارٹ بالز کرائے گئے جس کی وجہ سے پارٹنر شپ لگ گئی تو کچھ بھی کارآمد نہ رہا اور میچ ہاتھ سے نکل گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم قدرتی صلاحیتیوں، غیر یقینی اور اٹیک کا نام ہے، ہم کاؤنٹی بولرز نہیں ہیں جو آئیں اور سارا دن لائن اینڈ لینتھ پر بولنگ کریں۔وسیم اکرم نے کہا کہ 17 سالہ نسیم شاہ کی اسپیڈ 90 میل فی گھنٹہ اور 20 سالہ شاہین آفریدی کی 88 میل فی گھنٹہ ہے، صورتِ حال کچھ بھی ہو انہیں اٹھارہ بیس اوورز کرنے چاہئیے تھے۔

error: Content is protected !!