اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)کورونا کے باعث ملتوی ہونے والا پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا باکسنگ میلہ پھر سجنے کو تیار، عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور عثمان وزیر نے 3اکتوبر کوپاکستان کے پہلے انٹرنیشنل باکسنگ شو کے اسلام آباد میں انعقاد کا اعلان کردیا ۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن سے مایوس نیشنل باکسنگ ٹیم کے کپتان آصف ہزارہ نے بھی پروفیشنل باکسنگ جوائن کرلی ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان وزیرنے کہا کہ کرکٹ کے بعد اب دنیا کے مقبول ترین کھیل باکسنگ کا انٹرنیشنل میلہ بھی پاکستان میں سجے گا۔
عامرخان نے بھی ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کیا۔باکسنگ شو کا بڑا ٹاکرا ڈبلیوبی سی WBC ٹائٹل فائٹ ہوگی جس میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے باکسنگ چیمپئن ایشین بوائے عثمان وزیر کا مقابلہ نامور انٹرنیشنل باکسر کے ساتھ ہوگا ۔ عثمان وزیرنے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران خوب ٹریننگ کی ہے انٹرنیشنل باکسرز سے مقابلے کیلئے بالکل تیار ہوں۔