سماجی فاصلے کو نظر انداز کرنے پر محمد حفیظ مشکل میں پڑ گئے

سائوتھمٹن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ میں موجود پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر محمدحفیظ گالف کھیلتے ہوئے سماجی فاصلے کو نظر انداز کرکے مشکل میں آگئے ہیں اور انہیں کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ارکان سے علیحدہ کردیا گیا ہے۔محمد حفیظ نے گالف کورس میں ایک خاتون کے ساتھ تصویر بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی اور تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے بائیو سیکیور پروٹوکول پر عمل نہیں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محمدحفیظ نےخاتون سے 2 میٹرکا فاصلہ نہ رکھ کرپروٹوکول کی خلاف ورزی کی ہے۔انگلینڈ نے اسی طرح کی خلاف ورزی پر اپنےکھلاڑی جوفرا آرچرڈ پر پابندی اور جرمانہ عائد کیا تھا۔اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد حفیظ کے معاملے پر انگلش بورڈ سے رابطہ کرلیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ گالف کورس بائیو سیکیور ببل کا حصہ ہے اور گراؤنڈ سے ہی ملحقہ ہے، فی الحال ٹیسٹ بیٹسمین محمد حفیظ کوآئسو لیشین میں رکھنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ آنے تک حفیظ آئسولیشن میں رہیں گے، حفیظ کوکھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ سے دور رکھا جارہا ہے، محمد حفیظ بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں پائے گئے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کی سیریز بائیو سیکیور ماحول اور سخت حفاظتی پروٹوکول میں ہو رہی ہے۔

تعارف: newseditor