فاٹا بیس بال کے وفد کی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ سے ملاقات

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)گذشتہ روز فاٹا بیس بال کے دورکنی وفد نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقا ت میں فاٹا میں بیس بال کی ڈیویلپ منٹ اور پروموشن کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔


پاکستان فیڈریشن بیس بال کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد کے مطابق گذشتہ روز ہونے والی اس میٹنگ میں فاٹا میں بیس بال کی ڈیویلپ منٹ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ فاٹا بیس بال کے خزانچی کپتان آفریدی نے سید فخر علی شاہ کو فاٹا میں ہونے والی بیس بال ایکٹویٹیز کے متعلق آگاہ کیا۔


سید فخر علی شاہ نے وفد کو ملک میں ہونے والی پاکستان فیڈریشن بیس بال کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑی ہوئی ہیں اور کسی بھی گیم کے کیمپ بھی نہیں لگائے جارہے۔ پاکستان نے اس سال ایشین لیول کے دو انٹرنیشنل ایونٹس جن میں انڈر 12اور انڈر18کی ایشین بیس بال چیمپئن شپس شامل ہیں میں شرکت کرنی ہے۔ اس لئے فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید صاحب کی ہدایات کے مطابق فیڈریشن ملک بھر میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کررہی ہے جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو بیس بال کی ٹریننگ دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ہونے والے انٹرنیشنل بیس بال ایونٹس کے لئے کھلاڑی تیار ہوسکیں۔


سید فخر علی شاہ نے فاٹا بیس بال اکیڈمی کا نام بدلتے ہوئے خاور شاہ فاٹا بیس بال اکیڈمی رکھنے کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق فاٹا میں بیس بال کا بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے اور وہاں کے کھلاڑی کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کرچکے ہیں۔

تعارف: newseditor