یورپا فٹبال کپ،سیویلا کی ٹیم فائنل میں داخل

برلن (سپورٹس لنک رپورٹ) سیویلا کی ٹیم یورپا فٹ بال کپ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی ، فاتح ٹیم نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کو سیمی فائنل میچ میں 2-1 سے ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ جیسس فرنینڈز سو سو اور لوئوک ڈی جونگ نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے واحد گول برونو فرنینڈز نے پنالٹی کک پر سکور کیا۔

یورپا فٹ بال کپ کا 49 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے۔ جرمنی میں کے رائن اینرجی اسٹیڈین سٹیڈیم، کولون میں کھیلے گئے یورپا فٹ بال کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں سیویلا اور مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم سیویلا کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے برونو فرنینڈز نے میچ کے نویں منٹ پر ملنے والی پنالٹی کک پر گول کر کے اپنی ٹیم کو سیویلا کے خلاف 1-0 کی برتری دلا دی جس بعد میں سیویلا کی ٹیم کے جیسس فرنینڈز سو سو نے 26 ویں منٹ میں گول کر کے اسے 1-1 گول میں تبدیل کر دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے ہاف پر مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں سیویلا کی ٹیم قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ پر حاوی ہوگئی، سیویلا کے کھلاڑی لوئوک ڈی جونگ نے میچ کے 78 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف 2-1 کی برتری دلا دی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی۔ یوں سیویلا نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 گول سے ہرا کر یورپا فٹ بال کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

تعارف: newseditor