لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کرکٹر عمر اکمل کی سزا میں کمی کے خلاف سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں قائم کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کردی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اپیل کا فیصلہ ہمارے لیے آسان نہیں تھا، تفصیلی فیصلے کے جائزہ لینے کے بعد آزاد ایڈجیوڈیکیٹر کے فیصلے پر کچھ تحفظات تھے۔
سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ عمر اکمل کے کیس میں پی سی بی نے سوچا کے اپیل کرنا ضروری ہے، پی سی بی کا فیصلے پر پہلا اعتراض یہ تھا کہ کیا کورٹ کو ہمدردانہ رویے کی بنیاد پرسزا کم کرنے کا اختیار ہے ۔خیال رہے کہ فکسنگ کی آفر ہونے پر حکام کو بروقت اطلاع نہ دینے پر انڈیپینڈنٹ ایڈجیوڈی کیٹر نے عمر اکمل کی اپیل پر ان کی سزا 36 ماہ سےکم کرکے 18 ماہ کردی تھی اور جسٹس ریٹائرڈ فقیرمحمد کھوکھر نے ہمدردانہ رویہ اختیارکرتے ہوئے پابندی کی مدت میں کمی کی تھی۔تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد پی سی بی نے کھیلوں کی ثالثی عدالت میں جانے کا فیصلہ کیا تھا۔