وزیرکھیل پنجاب رائے تیمور خان بھٹی نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے ایس اوپیز جاری کردیئے

کورونا کے خاتمے تک تمام اوپن ٹورنامنٹس، میچز پر پابندی ہوگی، مشترکہ آلات والی گیمز کی اجازت نہیں، باکسنگ، جوڈو کراٹے وغیرہ کی ٹریننگ انفرادی طور پر کی جائے


بار بار ہاتھ دھوئیں، کھانستے ہوئے منہ کو ڈھانپ لیں، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر قانونی کارروائی ہوسکتی ہے،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ


لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) صوبائی وزیر کھیل ،امور نوجوانان، آثار قدیمہ وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے ایس اوپیز جاری کردیئے ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ہدایت کے مطابق کورونا سے تحفظ کے ایس اوپیز پر سختی سے عمل کیا جائے، پیر کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کورونا کے خاتمے تک تمام اوپن ٹورنامنٹس، میچز پر پابندی ہوگی، ایسی گیمز جن میں جسمانی رابطہ زیادہ ہوتا ہے جیسے باکسنگ، جوڈو کراٹے وغیرہ کی ٹریننگ انفرادی طور پر کی جائے اور ٹریننگ کا سامان الگ الگ استعمال کیا جائے

فٹبال، ہاکی، بیڈمنٹن وغیرہ کی ٹریننگ 5سے 8افراد کے چھوٹے چھوٹے گروپس میں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے کی جائے، مشترکہ آلات والی گیمز کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی جن میں والی بال، باسکٹ بال وغیرہ شامل ہیں، سوئمنگ کے علاوہ پانی میں دیگر انفرادی یا ٹیم سپورٹس سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے کی جا سکتی ہیں، صوبائی وزیر کھیل ،امور نوجوانان، آثار قدیمہ وسیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے مزید کہا ہے کہ گراؤنڈ، ٹریننگ سنٹر میں داخلہ کے وقت درجہ حرارت چیک کیا جائے

دوران ٹریننگ یا ہجوم میں جاتے وقت فیس ماسک استعمال کیا جائے، ٹریننگ سائٹ، چینجنگ روم اور سپورٹس آفس میں6 فٹ کا سماجی فاصلہ رکھا جائے، سینٹائزر استعمال کریں، باربار چھوئے جانے والی سطحوں اور کھیلوں کے سامان کو جراثیم کش محلول سے بار بار صاف کریں، کھیل کے دوران ذاتی استعمال کا سامان دوسروں سے شیئر نہ کریں،ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بار بار ہاتھ دھوئیں، کھانستے ہوئے منہ کو ڈھانپ لیں،بخار یا کھانسی میں مبتلا افراد کا چیک اپ کرایا جائے، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر قانونی کارروائی ہوسکتی ہے۔

تعارف: newseditor