ساؤتھمپٹن(سپورٹس لنک رپورٹ )انگلینڈ کیخلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم پر ناکامی کا خطرہ منڈلانے لگا جب انگلش بلے بازوں کے کھڑے کئے ہوئے رنز کے پہاڑ کے سامنے قومی بیٹنگ لائن کے اوسان خطا ہو گئے اور دن کے اختتامی لمحات میں محض 24رنز پر تین وکٹیں گنوا دی گئیں، سیدھی وکٹ پر بھی شان مسعود،عابدعلی اور بابر اعظم کی جلد رخصتی ہو گئی جن کو جیمز اینڈرسن نے چلتا کیا،اس سے قبل انگلینڈ کی اننگز آٹھ وکٹوں پر 583رنز بنا کر ڈکلیئر کردی گئی تھی ،زیک کرالی 267اور جوز بٹلر 152بنا کر نمایاں رہے جنہوں نے پانچویں وکٹ پر 359کی شراکت قائم کرکے پاکستانی باؤلنگ کو ناکام بنا ڈالا۔
ساؤتھمپٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روزانگلینڈ نے اپنی پہلی نامکمل اننگز چار وکٹوں پر 332 رنز کے ساتھ شروع کی تو بارش کے ایک سپیل کے سوا زیک کرالی اور سنچری مکمل کرنے والے جوز بٹلر کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں بن سکا اور لنچ پر سکور چار وکٹوں پر 373 رنز تھا۔زیک کرالی نے اننگز کا 25واں چوکا لگا کر 331 بالز پر ڈبل سنچری مکمل کی تو وہ بائیس سال اور دو سو دن کی عمر میں ہم وطن بیٹسمینوں لین ہٹن اور ڈیوڈ گاور کے بعد اس کارنامے کے مالک تیسرے کم عمر بیٹسمین بن گئے اور جوز بٹلر کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 359 رنز جوڑ کرانہوں نے مشترکہ چوتھی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی قائم کرڈالا۔زیک کرالی 34چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 267 رنز بنا کر اسد شفیق کی بال پر سٹمپڈ ہوئے تو یہ ہم وطن ٹپ فوسٹر کے 287 رنز کے بعد اولین سنچری اننگز کا دوسرا بڑا سکور تھا۔
تھکاوٹ کے شکار اور بے اثر ریگولر باؤلرز کی جگہ پارٹ ٹائمرز کا سہارا لینا کارآمد رہا جب فواد عالم نے 13چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 152رنز بنانے والے جوز بٹلر کے بعد کرس ووکس کو بھی برطرف کردیا جو 40 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔سٹورٹ براڈ کو 15رنز پر شاہین آفریدی نے بولڈ کیا تو ڈومینک بیس 27 رنز پر ناقابل شکست تھے لیکن انگلش کپتان نے آٹھ وکٹوں پر 583 کے سکور پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ پ
اکستانی باؤلنگ مجموعی اعتبار سے ناکام رہی جس کے اہم باؤلرز جدوجہد کا شکار رہے تاہم شاہین آفریدی،یاسر شاہ اور فواد عالم نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی جوابی اننگز ابتداء سے تباہی کے دہانے میں دھکیل دی گئی جب جیمز اینڈرسن نے یکے بعد دیگرے شان مسعود کو 4،عابدعلی کو ایک اور بابراعظم کو محض 11 رنز پر پویلین روانہ کردیا جبکہ کپتان اظہرعلی 4 رنز پر کھیل رہے ہیں اور پاکستانی ٹیم 24 رنز پر 3 وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار ہے۔