سائوتھمٹن ٹیسٹ بچانے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کی جدوجہد جاری،بارش نے بھی کچھ بھرم رکھا

سائوتھمٹن (سپورٹس لنک رپورٹ)ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف شکست سے بچنے کے لیے قومی ٹیم کی جدو جہد جاری ہے۔بارش کے باعث کھیل ایک بار پھر متاثر رہا اور چوتھے روز 56 اوورز ہی کرائے جاسکے۔تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر فالو آن کے شکار پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر100 رنزبنائے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 210 رنز بنانے ہیں۔قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی 29 اوربابر اعظم 4 رنز کے ساتھ کریزپر موجود ہیں۔

پہلی اننگز میں میزبان انگلینڈ نے 583 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 273 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے فالو آن کرانے کے بعد پاکستان نے 310 رنز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو انگلینڈ کو پہلی کامیابی 49 رنز پر ملی جب شان مسعود 18 رنزبناکر کرس براڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

عابد علی بھی 88 کے مجموعی اسکور پر 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے اور قومی ٹیم کو 0-2 کی شکست سے بچنے کے لیے کل کا دن انگلش بولروں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

error: Content is protected !!